اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) پاکستان نے کہا ہے کہ وہ حالیہ سیلاب کے بعد فوری انسانی ضروریات پوری کرنے اور طویل المدتی بحالی کے اقدامات کے لیے صورتحال کا جائزہ لے رہا ہے۔
یو این ڈی پی کی انچارج افسر وان نیوگین نے اپنے بیان میں کہا کہ ہمارے دل ان خاندانوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے اپنے پیاروں، گھروں اور روزگار کو کھو دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے باعث بڑھتی ہوئی آفات کا سامنا کر رہا ہے اور یو این ڈی پی حکومت، شراکت داروں اور انسانی ہمدردی کے اداروں کے ساتھ مل کر کمیونٹیز کو زیادہ مضبوط اور محفوظ بنانے کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔
بیان کے مطابق یو این ڈی پی نے خیبرپختونخوا کے متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی امدادی سامان فراہم کیا ہے، جس میں 180 خیمے، 103 اسٹریچر، 230 سلیپنگ بیگ، 130 فلڈ لائٹس اور 53 فرسٹ ایڈ کٹس شامل ہیں۔ یہ سامان صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) اور خیبرپختونخوا پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے تعاون سے نوشہرہ بھیجا جا رہا ہے تاکہ متاثرہ کمیونٹیز میں تقسیم کیا جا سکے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ بے شمار زندگیاں بچائی جا چکی ہیں لیکن بے گھر خاندانوں کو اب بھی محفوظ پناہ گاہوں، صحت کی سہولیات، صاف پانی اور صفائی ستھرائی کی فوری ضرورت ہے۔مزید کہا گیا کہ مسلسل بارشوں کے باعث منقطع علاقوں تک رسائی ایک بڑا چیلنج بنی ہوئی ہے جس سے امدادی کارکنوں کے لیے ضرورت مند افراد تک پہنچنا مزید مشکل ہو رہا ہے۔
یو این ڈی پی نے پاکستان بھر میں حالیہ سیلاب کے باعث ہونے والے جانی نقصان اور تباہی پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شدید بارشوں اور اچانک آنے والے سیلاب نے سیکڑوں جانیں لے لیں، ہزاروں خاندان بے گھر ہو گئے اور بنیادی ڈھانچے تباہ ہو گئے ہیں، جس کے باعث متاثرہ کمیونٹیز کو فوری امداد کی سخت ضرورت ہے۔
ہاکی ایشیاء کپ کا نیا شیڈول جاری، پاکستان ایونٹ سے باہر
کراچی میں بارش کے بعد انٹرنیٹ، موبائل اور بجلی کی سروس متاثر
سندھ میں شدید بارش اور ممکنہ سیلاب کی وارننگ جاری
یوکرین کو نیٹو میں شامل نہیں ہونا چاہیے،پیوٹن اچھے ثابت ہوں گے، امریکی صدر