امریکا سے جاپان جانے والی یونائیٹڈ ایئرلائنز کی پرواز ایک سنگین تکنیکی خرابی کے باعث بڑے حادثے سے بال بال بچ گئی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ورجینیا سے روانگی کے کچھ ہی دیر بعد طیارے کے ایک انجن میں اچانک خرابی پیدا ہوگئی، جس کے بعد پائلٹ نے فوری طور پر ہنگامی صورتحال کا اعلان کرتے ہوئے طیارے کو واپس واشنگٹن کے ڈالیس انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی جانب موڑ دیا۔رپورٹس کے مطابق طیارے نے انتہائی پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ ہنگامی لینڈنگ کی، تاہم لینڈنگ کے دوران رن وے کے قریب آگ بھڑک اٹھی، جس سے ایئرپورٹ پر ہلچل مچ گئی۔ فائر بریگیڈ اور ایمرجنسی ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا، جس کے نتیجے میں کسی بڑے نقصان سے بچاؤ ممکن ہو سکا۔
ایئرلائن حکام کے مطابق خوش قسمتی سے طیارے کو آگ سے کوئی نقصان نہیں پہنچا اور تمام مسافر و عملہ محفوظ رہے۔ اس پرواز میں مجموعی طور پر 275 مسافر اور عملے کے 15 ارکان سوار تھے، جنہیں بحفاظت طیارے سے اتار لیا گیا۔ مسافروں کو بعد ازاں ایئرپورٹ لاؤنج میں منتقل کر دیا گیا جہاں ان کی دیکھ بھال اور متبادل سفری انتظامات کیے گئے۔یونائیٹڈ ایئرلائنز کے ترجمان کا کہنا ہے کہ انجن میں خرابی کی اصل وجہ جاننے کے لیے تکنیکی ماہرین کی ٹیم نے تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ حفاظتی اصولوں کے مطابق طیارے کو مکمل معائنہ کے بعد ہی دوبارہ پرواز کی اجازت دی جائے گی۔ حکام نے اس واقعے کو حفاظتی نظام کی بروقت کارکردگی کا نتیجہ قرار دیا جس کی بدولت ایک ممکنہ بڑے حادثے سے بچاؤ ممکن ہوا۔








