گوجرانوالہ:محرم الحرام میں اتحاد بین المسلمین کافروغ ملکی سالمیت کیلئے ضرروی ہے،نویدحیدرشیرازی

گوجرانوالہ ،باغی ٹی وی س ( نامہ نگار محمد رمضان نو شاہی) محرم الحرام میں اتحاد بین المسلمین کافروغ اور مذہبی رواداری، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور مختلف مسالک کے درمیان مثالی بھائی چارہ حکومت پنجاب کی اہم ترین ترجیح ہے اور ڈویژنل وضلعی انتظامیہ، جید علمائے کرام اور امن کمیٹیوں کے معزز اراکین ملکی سالمیت، امن وامان اور فرقہ وارانہ رواداری کیلئے مل کرکام کریں گے اور اشتعال انگیزی، مذہبی منافرت اور فرقہ واریت کی آگ بھڑکانے والی تمام مقامی اور غیر ملکی قوتوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے۔

اس عزم کا اعادہ اتحاد بین المسلمین کمیٹی پنجاب کے نمائندہ وفد کے دورہ گوجرانوالہ کے دوران ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ اور تمام مسالک کے نمائندہ علمائے کرام کے مشترکہ اجلاس میں کیاگیا، محکمہ اوقاف حکومت پنجاب کے زیراہتمام گوجرانوالہ کا دورہ کرنے والے صوبائی وفد کی قیادت امام جامع مسجد حضرت علی ہجویری (المعروف داتا گنج بخش) علامہ مفتی محمد رمضان سیالوی کررہے تھے جبکہ تمام مسالک کے جید علماء کرام (محمد اسلم صدیقی، مفتی محمد عمران حنفی، سید عمران حیدر، پروفیسر شفیق احمد قصوری) سمیت دیگر وفد کا حصہ تھے۔

اتحاد بین المسلمین وفد کے قائد مفتی محمد رمضان سیالوی نے بین المسلمین امن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں ہے، تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام رواداری اور بھائی چارے کے فروغ کیلئے ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہراول دستے کے طور پر کام کر رہے ہیں جو امن کی ضمانت ہے۔ قیام امن میں مرکزی کردار ہمیشہ تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام کا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا کو ریگولیٹ کرنے، مذہبی منافرت پھیلانے والے مواد کی روک تھام کیلئے مزید سخت اقدامات کی ضرورت ہے۔ منفی سوچ کو پھیلانے والوں کی حوصلہ شکنی کریں، شعلہ بیان ذاکرین، خطبا کو اپنے اضلاع کا امن خراب نہ کرنے دیں۔

کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نوید حیدر شیرازی نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کے اجلاس میں شرکت کرنے والے تمام معزز علمائے اکرام کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ محبت اہل بیت ہمارے ایمان کا جزولازم ہے، کسی بھی مسلک کے پیروکار کی دل آزاری نہ کریں، ایسی گفتگو جو انتشار پھیلانے اور نقص امن کا باعث بنے اس سے اجتناب کریں۔ سنی سنائی باتوں کو آگے نہ پھیلائیں، امن کا پیغام ہرفرد تک پہنچائیں، قرآن پاک میں حکم دیا گیا ہے کہ کوئی شخص آپ کے پاس خبر لے کر آئے تو پہلے اس کی تصدیق کریں۔

ہمیں اپنے ملک اور اسلام کے لیے متحد ہونا ہے، جیسے آج کفر مسلمانوں کے خلاف متحد ہے اور ان کی نظر میں فرقے(سنی، شیعہ، وہابی، دیوبندی) نہیں بلکہ سب صرف اور صرف مسلمان ہیں اور سب کے خلاف صف آراء ہے۔ طاغوتی طاقتیں مسلم ممالک کو لڑا کر ان کے وسائل چوری اور قتل و غارت کررہی ہیں۔ ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا اور استعماری قوتوں کے مکروہ عزائم کو مل کر خاک میں ملانا ہے۔

ریجنل پولیس آفیسر طیب حفیظ چیمہ کی نمائندگی ایس ایس پی آپریشنز گوجرانوالہ نے کی، سکیورٹی انتظامات اور قیام امن کیلئے پولیس اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کرے گی۔

اجلاس ( بین المسلمین امن کانفرنس گوجرانوالہ) میں آمد پر ایڈیشنل کمشنر (کوارڈینیشن محمد شفیق)، اسسٹنٹ کمشنرز (سٹی عبدالباسط، صدر عثمان سکندر، اے سی جنرل تنویر یاسین، ڈویژنل امن کمیٹی نے صوبائی گورنمنٹ کے نمائندہ وفد اور گوجرانوالہ سمیت دیگر اضلاع سے آنے والے معزز علمائے اکرام کو قیام امن کے سلسلہ میں گوجرانوالہ آمد پر خوش آمدید کہا۔

گوجرانوالہ ڈویژن کے دیگر اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز (گجرات صفدر حسین ورک، سیالکوٹ محمد ذوالقرنین، حافظ آباد میڈیم سندس ارشاد، منڈی بہاؤالدین شاہد عمران مارتھ، ڈی پی اوز، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شبیر حسین بٹ، (اے ڈی سی جی) گجرات افضل حیات تارڑ، (اے ڈی سی جی) نارووال، ضلعی کور کمیٹی گجرات کے ممبران صاحبزادہ پیر سید سعید احمد شاہ گجراتی، سید نور حسین شاہ، سماجی کارکن خادم علی خادم، سید الطاف عباس کاظمی، مفتی جواد محمود قاسمی، محمد یوسف کھوکھر ممبر امن کمیٹی، سید علی رضا علوی، سیعد احمد صدیقی، صاحبزادہ ایوب خان ثاقب، محمد زبیر کھٹانہ صدر علماء کونسل، علامہ مشتاق حسین جعفری، مفتی محمد عمران، قاری سلیم زاہد، محمد سبطین اکبر، مفتی محمود صدیقی، حافظ کاظم رضا نقوی، مولانا محمد علی نقشبندی، مولانا محمد بابر نعیم، علامہ محمد شفیق قصوری، پیر سید عثمان نوری اور متعلقہ محکموں کے افسران سمیت ضلعی امن کمیٹیوں کے معِزز اراکین بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

آر پی او گوجرانوالہ اور سی پی او گوجرانوالہ کی نمائندگی ایس ایس پی آپریشنز رضا تنویر نے کی، انہوں نے وفد کو ڈویژن میں قیام امن کے حوالہ سے کئے جانے والے اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ محرم الحرام میں سیکورٹی انتظامات کے لئے تمام ممکنہ مادی اور افرادی وسائل بروئے کارلائے جائیں گے، ڈویژن میں پولیس ملازمین، رضاکار اور جلوسوں، مجالس کے منتظمین امن وامان کے سلسلہ میں ضلعی انتظامیہ سے مل کر اپنی ذمہ داریاں ادا کریں گے، حساسں جلوسوں اور مجالس کے روٹس پر جدید سکیورٹی کیمرے نصب کئے جائیں گے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ڈویژن اور ضلع کی سطح پر مسلسل مانیٹرنگ کیلئے کنٹرول روم قائم کیے جائیں گے اور حساسں جلوسوں، مجالس کی بذریعہ سی سی ٹی وی لائیو مانیٹرنگ کی جائے گی، انہوں نے محرم الحرام میں غیر ملکی امن دشمن قوتیں فرقہ وارایت کی آگ بھڑکانے کے مذموم ایجنڈا کی تکمیل کیلئے متحرک ہو جاتی ہیں اور ایسی قوتوں کے خلاف ہمیں اپنی صفوں میں مکمل اور مثالی اتحاد پیدا کرتے ہو ئے مسلسل چوکنا رہنا ہو گا، بلخصوص ہمسایہ ممالک بھارت، افغانستان میں موجودہ حالات کے تناظر میں تخریبی سرگرمیوں سے نمٹنے کے لیے سوشل میڈیا اور امن دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھنا ہو گی۔

اجلاس میں وفد کے قائد مفتی رمضان سیالوی، محمد اسلم صدیقی، مفتی محمد عمران حنفی، سید عمران حیدر، صاحبزادہ پیر سید سعید احمد شاہ گجراتی، حاجی لیاقت علی، وسیم الحسن شاہ، سید علی رضا رضوی، حاجی محمد یوسف کھوکھر، قاری سلیم زاہد اور دیگر علماء کرام نے قیام امن اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ کے سلسلہ میں وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف اور محکمہ اوقاف کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کااعادہ کیاکہ تمام مسالک کے جید علماء کرام مکمل ھم آہنگی اور بھائی چارے کے ساتھ قیام امن کی حکومتی کوششوں کوکامیاب بنائیں گے اورکسی بھی شرانگیزی، فرقہ واریت اور مذہبی منافرت کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا،

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کو بالخصوص ملکی قوانین کے تابع بنانے کیلئے مزید ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے اورنفرت انگیز پوسٹ، مواد اپ لوڈ کرنے والوں کے خلاف بلاتفریق فوری ایکشن سے بہتر نتائج حاصل ہوں گے، انہوں نے کہاکہ آل رسول ﷺ کی محبت ہمارے ایمان کا لازمی جزو ہے جس کاپہرہ دینا ہمارا اولین فرض ہے اور تمام مسالک کے علماء مل کرایسی تمام قوتوں کے مکروہ عزائم کوناکام بنائیں گے جوامت مسلمہ کی صفوں میں انتشار اور تفرقہ پیدا کرنا چاہتے ہیں وفد نے مثالی انتظامات پر کمشنر اور ڈپٹی کمشنر سمیت ان کی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور امن وامان کے سلسلہ میں اپنے مکمل تعاون کی بھرپور یقین دہانی بھی کرائی۔

اجلاس کے اختتام پر مولانا خالد حسن مجددی نے ملکی سلامتی واستحکام کے لیے خصوصی دعائے خیر کرائی اور فلسطین( غزہ) کے مظلوموں کی حفاظت اور جنگ بندی کے لیے خصوصی دعا کی۔ امت مسلمہ کے اتحاد، دنیا بھر میں امن و امان کے قیام کے لیے بھی دعائے خیر کی کی گئی۔

Leave a reply