ڈیرہ غازی خان(باغی ٹی وی) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ڈیرہ غازی خان میں کینسر ہسپتال اور راجن پور میں یونیورسٹی کے قیام کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت ترقیاتی منصوبوں کا وسیع نیٹ ورک پھیلا کر جنوبی پنجاب سمیت ملک کے تمام علاقوں کی یکساں ترقی کے لیے پرعزم ہے۔
وزیراعظم نے ڈیرہ غازی خان کے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان کی تقدیر بدلیں گے اور زراعت، صنعت اور برآمدی شعبے کی ترقی کے لیے دن رات محنت کریں گے۔ جلسہ گاہ پہنچنے پر جنوبی پنجاب کے عوام نے وزیراعظم کا بھرپور استقبال کیا، جس پر انہوں نے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ وہ عوام کی محبت کو کبھی نہیں بھولیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ نواز شریف کے وژن کے مطابق جنوبی پنجاب کو ہمیشہ زیادہ ترقیاتی منصوبے دیے گئے، جو کسی پر احسان نہیں بلکہ عوام کا حق ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مریم نواز پنجاب بھر میں ہسپتالوں کا جال بچھا رہی ہیں، مفت ادویات کی فراہمی جاری ہے، جبکہ لیپ ٹاپ اور کسان کارڈ بھی تقسیم کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سرگودھا میں امراض قلب کا ایک بڑا ہسپتال اور لاہور میں نواز شریف کینسر ہسپتال قائم کیا جا رہا ہے۔ وزیراعظم نے وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری کی درخواست پر ڈیرہ غازی خان میں کینسر ہسپتال بنانے کا اعلان کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت نے سیاست پر ملک کو ترجیح دی، جس کے نتیجے میں مہنگائی کی شرح 40 فیصد سے کم ہو کر 2.4 فیصد پر آ گئی ہے اور بینک قرضوں کی شرح سود 22 فیصد سے کم کرکے 12 فیصد کر دی گئی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے اور ترقی پاکستان کا مقدر بن چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی جنوبی پنجاب کی ترقی مسلم لیگ (ن) کے دور میں ہوئی اور اب مریم نواز روزگار کے مواقع اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے منصوبوں پر کام کر رہی ہیں۔ وزیراعظم نے زور دیا کہ جب انہوں نے اقتدار سنبھالا تو مہنگائی عروج پر تھی، لیکن نواز شریف نے سیاست قربان کر کے ملک کو بچانے کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان قرضوں کے سہارے ترقی نہیں کر سکتا، اس کے لیے زراعت، صنعت اور برآمدی شعبے کو فروغ دینا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلح افواج کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جائے گا اور ملک کو احتجاجی سیاست اور انتشار سے نکالنا ضروری ہے۔
وزیراعظم نے لیہ پل کی تکمیل کی ہدایت بھی جاری کی اور کہا کہ اب ڈیرہ غازی خان کی ترقی کا جائزہ لینے خود آئیں گے۔ جلسے میں مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ، وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، اویس لغاری اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
وفاقی وزیر اویس لغاری نے جلسے سے خطاب میں وزیراعظم کو خوش آمدید کہا اور بتایا کہ شہباز شریف نے ڈیرہ غازی خان کو 131 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے دیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب ترقی کر رہا ہے، اور وزیراعظم نے اپنی سیاست قربان کر کے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔
جلسہ گاہ میں شرکاء نے وزیراعظم کا پرجوش استقبال کیا اور خیرمقدمی نعرے لگائے۔ سردار جمال لغاری نے بھی خطاب میں وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ قبل ازیں، وزیراعظم نے فاروق احمد خان لغاری انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی اپ گریڈیشن منصوبے کی نقاب کشائی کی اور 331 کلومیٹر طویل انڈس ہائی وے کو دو رویہ کرنے کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔
انڈس ہائی وے منصوبے کی تکمیل سے خیبر پختونخوا اور جنوبی پنجاب کے درمیان مواصلاتی رابطے بہتر ہوں گے اور تجارتی و کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔
2/2