میرپورخاص (نامہ نگار سید شاہزیب شاہ)میرپورخاص یونیورسٹی میں فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی کا تیسرا اجلاس وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد میمن کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں یونیورسٹی کے مالیاتی امور اور آئندہ کی منصوبہ بندی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس کے دوران ڈائریکٹر فنانس ساجد حسین مہر نے مالیاتی صورتحال پر جامع بریفنگ دی۔ کمیٹی نے بجٹ کے مختص اخراجات، ترقیاتی منصوبوں اور دیگر اہم امور کا جائزہ لیا۔ گہری بحث و تمحیص کے بعد یونیورسٹی کی تعلیمی اور انتظامی ترقی کو یقینی بنانے کے لیے کئی اہم مالیاتی منصوبوں کی منظوری دی گئی۔

اس اجلاس میں فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی کے بیرونی ممبران نے ذاتی طور پر اور آن لائن بھی شرکت کی اور اپنی پیشہ ورانہ رائے سے فیصلہ سازی کے عمل میں اہم کردار ادا کیا۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد میمن نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور یونیورسٹی کی پائیدار ترقی اور تعلیمی بہتری کے لیے درست مالیاتی منصوبہ بندی کی اہمیت پر زور دیا۔

Shares: