سیالکوٹ،باغی ٹی وی( بیوروچیف شاہد ریاض سے) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سیالکوٹ سید اسد رضا کاظمی نے کہا ہے کہ بغیر ڈرگ سیل لائسنس ادویات کی خرید وفروخت کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی، زائد المیعاد، ممنوعہ، ان رجسٹرڈ ادویات کی فروخت،کنٹرول ڈرگ کا ریکارڈ اور وارنٹی نہ رکھنے پر میڈیکل اسٹورز اور میڈیسن ڈسٹری بیوٹرز کے خلاف ڈرگ کنٹرول ایکٹ کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
یہ بات انہوں نے ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ سیالکوٹ کے 136ویں اجلاس میں کیسسز کی سماعت کے دوران کہی۔ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ریحان اظہر، ڈرگ کنٹرولر نائلہ رفیق، سیکرٹری ڈی سی کیو بی فرح مجید، ممبر/میڈیسن ایکسپرٹ ڈاکٹر محسن جاوید، ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر ڈسکہ شایان رضا، ڈرگ انسپکٹر پسرور نوید سرور اور ڈرگ انسپکٹر سمبڑیال ابوبکر نے اجلاس میں شرکت کی۔
اے ڈی سی جنرل سید اسد رضا کاظمی نے کہا کہ ڈرگ انسپکٹرز باقاعدگی سے میڈیکل اسٹورز کی انسپکشن کریں اور میڈیسن کی ٹرانسپورٹیشن میں کولڈ چین اور میڈیکل اسٹورز میں مطلوبہ ٹمپریچر کو یقینی بنائے جبکہ غیر قانونی میڈیکل پریکٹس کرنے والے اتائی ڈاکٹرز کے خلاف کارروائی کریں۔
ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کے اجلاس میں بغیر ڈرگ سیل لائسنس، ممنوعہ ادویات اور کنٹرول ڈرگ کی فروخت اور ڈرگ کا ریکارڈ نہ رکھنے اور کوالیفائیڈ پرسن کی عدم دستیابی اور ادویات کی وارنٹی کی پاداش میں 38 کیسسز کی سماعت کی۔
جس میں پانچ چالان ڈرگ گوجرانوالہ بھجوا دیئے گئے جبکہ 15 کی ری انسپکشنز کرنے کی ہدایت کی جبکہ 18 کو وارننگ دی۔