وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے ایف نائن پارک میں ’’اڑان پاکستان فیملی فیسٹیول‘‘ کا کامیاب انعقاد کیا گیا

فیسٹیول کی کامیابی وزیراعظم محمد شہباز شریف کی خصوصی رہنمائی اور حکومت کی عوام دوست پالیسیوں کا نتیجہ ہے،معرکہ حق میں پاکستان کی شاندار کامیابی نے پوری قوم کے حوصلے بلند کئے اور اسی جذبے نے فیسٹیول کے ماحول کو مزید ولولہ انگیز بنا دیا،وزیر داخلہ محسن نقوی کا فیسٹیول کے کامیابی سے انعقاد میں بھرپور تعاون رہا، وزارت داخلہ نے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے،ضلعی انتظامیہ اور دیگر اداروں کا بھی فیسٹیول کے انعقاد میں تعاون رہا جس کے باعث فیسٹیول بحفاظت اور پُراطمینان انداز میں مکمل ہوا،اتوار کو ہونے والے فیسٹیول میں خواتین، بچوں، نوجوانوں اور بزرگ بڑی تعداد میں شریک ہوئے،جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آباد کے شہریوں نے خوشگوار اور پُرامن ماحول میں تفریح سے بھرپور لطف اٹھایا۔فیسٹیول کے آغاز سے قبل وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے ایف نائن پارک کا دورہ کیا،وفاقی وزیر اطلاعات نے مختلف انتظامات کا جائزہ لیااس موقع پر انہوں نے تفریحی سرگرمیوں کے لیے قائم کیے گئے اسٹالز، اسٹیج ایریا اور فیملی زونز کا معائنہ کیا اور متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات دیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ عوام کے لیے صحت مند تفریحی مواقع پیدا کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور ایسے پروگرام سماجی ہم آہنگی کو فروغ دیتے ہیں۔ دہشت گردی کے باوجود عوام کی بڑی تعداد میں شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ شہری مثبت سرگرمیوں کی بحالی اور ملک میں معمولاتِ زندگی کی روانی کے لیے پرعزم ہیں۔فیسٹیول میں ملک کے نامور گلوکاروں عاطف اسلم، فرحان سعید، نمرہ مہرہ، جابر عباس اور زونیب زاہد نے پرفارمنس دی، جسے شرکا نے بے حد سراہا،اسٹیج کی میزبانی شفاعت علی اور صوفیہ احمد نے کی جنہوں نے اپنی شاندار کارکردگی سے پروگرام کو مزید دلکش بنایا۔’’اڑان پاکستان‘‘ فیملی فیسٹیول نے نہ صرف اسلام آباد کے شہریوں کو بہترین تفریح فراہم کی بلکہ یہ پیغام بھی دیا کہ عوام حالات سے گھبرا کر نہیں بیٹھے بلکہ قومی سطح پر مثبت سرگرمیوں کو جاری رکھنے کے خواہاں ہیں۔

Shares: