اوچ شریف (باغی ٹی وی،نامہ نگارحبیب خان) برصغیر کے عظیم صوفی بزرگ حضرت سید جلال الدین سرخ پوش بخاری رحمت اللہ علیہ کے 755ویں سالانہ عرس کی تین روزہ تقریبات عقیدت و احترام سے مکمل ہو گئیں۔ دربار جلالیہ عالیہ میں ہونے والی ان تقریبات کی قیادت سجادہ نشین مخدوم سید زمرد حسن بخاری نے اپنے ولی عہد مخدوم سید حسن زمرد اور خاندان کے دیگر اراکین کے ہمراہ کی۔
عرس کی اہم رسومات میں مزار کو عرقِ گلاب سے غسل دینے اور دعا کی محفل شامل تھیں، جن میں ملک بھر سے زائرین اور مریدین نے شرکت کی۔ محفل کے دوران عقیدت مندوں نے روحانی فیض حاصل کیا اور آپ کی تعلیمات کو یاد کیا۔
زائرین کے قیام و طعام کے خصوصی انتظامات کیے گئے، جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے میڈیکل کیمپ بھی قائم کیا گیا تھا۔ سیکیورٹی کے لیے ڈی پی او بہاولپور اسد سرفراز کی زیر نگرانی سخت اقدامات کیے گئے، اور مقامی پولیس افسر لطیف احمد جھورڑ کی قیادت میں اہلکار تعینات رہے۔
عرس مبارک حضرت جلال الدین بخاری کی تعلیمات اور روحانیت کے فروغ کا ایک عظیم مظہر تھا، جہاں لاکھوں عقیدت مندوں نے شرکت کر کے اپنے دلوں کو منور کیا۔








