لاس ویگاس سے شارلٹ جانے والی ایک امریکی مسافر پرواز فنی خرابی کے باعث ایک بڑے سانحے سے محفوظ رہی۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکن ایئرلائنز کی پرواز AA1665 نے جیسے ہی لاس ویگاس کے ہیری ریڈ انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے اڑان بھری، محض آٹھ منٹ بعد اس میں فنی خرابی سامنے آگئی، جس کے باعث طیارے کو ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بوئنگ طیارے میں اس وقت 165 مسافر سوار تھے، جنہیں فوری طور پر محفوظ طریقے سے ایئرپورٹ واپس لایا گیا۔ پرواز کے انجن سے اچانک آگ کے شعلے نکلنے لگے، جس کے نتیجے میں زوردار دھماکوں جیسی آوازیں سنائی دیں۔ واقعے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے، جس میں انجن سے آگ نکلتے اور دھماکوں کی آوازیں سنی جا سکتی ہیں۔ائیرپورٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ فوری اور مؤثر ردعمل کے باعث تمام مسافر اور عملہ بحفاظت رہے اور کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کے بعد ایوی ایشن ماہرین نے طیارے کا تفصیلی معائنہ شروع کر دیا ہے۔
امریکن ایئرلائنز کی جانب سے بھی واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مسافروں کی حفاظت کمپنی کی اولین ترجیح ہے اور اس واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی تاکہ مستقبل میں ایسے کسی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔واقعے کے بعد کچھ دیر کے لیے ایئرپورٹ پر فضائی آمدورفت متاثر رہی، تاہم بعد ازاں معمول کے مطابق پروازیں بحال کر دی گئیں۔