خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سے امریکی قونصل جنرل تھامس ایکرٹ نے ملاقات کی ہے۔

پشاور میں ہونے والی ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، معدنیات، توانائی، انسداد دہشتگردی اور انسداد منشیات میں تعاون پر بھی گفتگو کی گئی،ملاقات میں بزنس اینڈ انویسٹمنٹ روڈ شو کرانےکی تجویز پر غور کیا گیا جبکہ روڈ شو میں قیمتی اور نایاب معدنیات کے لیز ہولڈرز کو مدعو کرنےکی تجویز بھی زیر غور آئی،میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی قونصل جنرل کا کہنا تھاکہ تجارتی سفارتکاری امریکی خارجہ پالیسی کا مرکزی ستون ہے، اقتصادی سفارتکاری کے فروغ سے مجموعی امن و استحکام کو تقویت ملےگی، معدنیات اور توانائی کی شراکت داری اقتصادی سفارتکاری کو مضبوط کرے گی۔

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا کہنا تھاکہ عوامی مفاد صوبائی حکومت کےفیصلوں میں مرکزی حیثیت رکھتا ہے، خیبرپختونخوا منرلزایکٹ کے تحت مقامی آبادی کو سرمایہ کاری میں اولین ترجیح حاصل ہے، مقامی آبادی کو فائدہ پہنچانے والی نجی سرمایہ کاری کی مکمل حوصلہ افزائی اورسہولت دی جائے گی،صوبائی حکومت سستی توانائی کیلئے چھوٹے پن بجلی گھروں اور ڈیموں پر کام کر رہی ہے، نائن الیون کے بعد دہشتگردی کےخلاف جنگ میں خیبرپختونخوا سب سے زیادہ متاثر ہوا، صوبائی حکومت انفرا اسٹرکچر اور ادارہ جاتی مضبوطی پر کام کررہی ہے، ضم اضلاع میں نایاب معدنی ذخائر سے مقامی آبادی کو براہ راست فائدہ دیا جائےگا۔

Shares: