واشنگٹن: امریکی حکومت نے یکم فروری 2025 سے میکسیکو اور کینیڈا پر 25 فیصد ٹیرف اور چین پر 10 فیصد ٹیرف نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق یہ اقدامات تجارتی توازن کو بہتر بنانے اور امریکی معیشت کی حفاظت کے لیے کیے گئے ہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس فیصلے کی تفصیل دیتے ہوئے کہا کہ یہ قدم ملک کے اقتصادی مفادات کو تحفظ دینے کے لیے اٹھایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کینیڈا، میکسیکو اور چین جیسے بڑے تجارتی شراکت داروں کے ساتھ امریکا کی تجارتی پوزیشن کو مزید مستحکم کرنے کے لیے یہ ٹیرف نافذ کیے جائیں گے۔وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولین لیوِٹ نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ امریکی صدر نے ابھی تک یورپی یونین کے خلاف ٹیرف نافذ کرنے کے حوالے سے حتمی فیصلہ نہیں کیا۔ تاہم، صدر ٹرمپ نے یہ واضح کیا کہ اگر ضرورت پڑی تو یورپی یونین کے خلاف بھی ٹیرف نافذ کیے جا سکتے ہیں۔

کینیڈا کی جانب سے شدید ردعمل
کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے امریکی فیصلے پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اگر امریکہ نے ٹیرف عائد کیے تو کینیڈا فوری طور پر اور زبردست جواب دے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ "ہم یہ اقدامات نہیں کرنا چاہتے، لیکن اگر امریکی حکومت نے ہمارے خلاف ٹیرف نافذ کیے تو ہم بھرپور جواب دیں گے۔”ٹروڈو کا کہنا تھا کہ کینیڈا اور امریکہ کے تجارتی تعلقات میں یہ ایک نیا تنازعہ پیدا کر سکتا ہے، لیکن ان کا ملک اپنے مفادات کے لیے ہر ممکن قدم اٹھانے کے لیے تیار ہے۔

چین اور دیگر ردعمل
چین نے بھی اس فیصلے پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے، اور تجارتی تعلقات میں کشیدگی کو مزید بڑھاوا دینے کے خطرات پر خبردار کیا ہے۔ اس کے باوجود، چین نے کہا کہ وہ امریکہ کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے اس مسئلے کا حل تلاش کرنے کے لیے تیار ہے۔

اسرائیل اور روس سے متعلق امریکی اعلانات
امریکی صدر نے کہا کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے ساتھ ایک اہم ملاقات متوقع ہے، جو منگل کو امریکہ کا دورہ کریں گے۔ صدر ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ وہ روسی صدر ولادیمیر پوتن سے اہم بات چیت کرنے کے لیے پرامید ہیں اور کچھ اہم اقدامات کے حوالے سے بات چیت جاری ہے۔

امریکہ کے اس اقدام سے عالمی تجارتی تعلقات میں مزید پیچیدگیاں پیدا ہو سکتی ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ فیصلے عالمی سطح پر معاشی عدم استحکام کا سبب بن سکتے ہیں اور ان سے عالمی تجارت پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔یاد رہے کہ امریکی حکومت نے اس سے قبل بھی دیگر ممالک کے ساتھ تجارتی تنازعات میں ٹیرف نافذ کرنے کے اقدامات کیے تھے، جن کے عالمی معیشت پر دور رس اثرات مرتب ہوئے تھے۔ اس مرتبہ بھی یہ اقدامات عالمی سطح پر تجارتی کشیدگی کا باعث بن سکتے ہیں

پاکستانیوں کا سائبرفراڈ،30 لاکھ ڈالر کے نقصان کے بعد ہوئی کاروائی

پاکستانیوں سمیت 7 ہزار سے زائد غیرقانونی تارکین وطن امریکہ بدر

دین اسلام انصاف، رحم اور تمام مخلوقات کے احترام پر مبنی ہے،وزیراعظم

Shares: