راولپنڈی: اڈیالہ جیل میں قید امریکی شہری محمود احمد اعوان سے امریکی سفارتخانے کے تین رکنی وفد نے قونصلر رسائی کے تحت خصوصی ملاقات کی۔
سفارتی سطح پر اس پیش رفت کو اہم قرار دیا جارہا ہے کیونکہ یہ رسائی پاکستان میں زیرِ حراست غیر ملکی شہریوں کے قانونی حقوق کے تحفظ سے متعلق باقاعدہ سفارتی طریقہ کار کا حصہ ہے۔ذرائع کے مطابق امریکی سفارتخانے کا وفد چیف کونسل آفیسر ٹریسی زیپی، آمنہ بی بی اور سیکیورٹی آفیسر اسامہ حنیف پر مشتمل تھا، جو منگل کی صبح سخت سیکیورٹی میں اڈیالہ جیل پہنچا۔ وفد نے جیل حکام سے رسمی ملاقات کے بعد قیدی محمود احمد اعوان تک رسائی کی درخواست کی، جسے جیل انتظامیہ نے فوری طور پر منظور کیا۔ جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ قونصلر رسائی کے تحت امریکی وفد نے محمود احمد اعوان سے مخصوص کمرے میں طویل ملاقات کی، جس میں قیدی کی قانونی حیثیت، اس کی صحت، سہولیات اور مقدمے کی پیش رفت سے متعلق تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ملاقات مکمل ہونے کے بعد وفد بغیر میڈیا سے بات کیے جیل سے روانہ ہوگیا۔ذرائع کے مطابق محمود احمد اعوان کے خلاف تھانہ روات میں ایک فوجداری مقدمہ درج ہے، جس کے تحت وہ اس وقت اڈیالہ جیل میں جوڈیشل حراست میں ہے۔








