امریکی سفارتخانے کا 4 رکنی وفد بدھ کے روز اڈیالہ جیل راولپنڈی پہنچا، جہاں اسے نور مقدم قتل کیس میں سزایافتہ مجرم ظاہر جعفر تک قونصل رسائی فراہم کی گئی۔
اڈیالہ جیل کے ذرائع کے مطابق امریکی وفد میں قونصل آفیسر ڈینس ہیر، قیصر اقبال، آمنہ بی بی اور اسامہ حنیف شامل تھے۔ یہ وفد باقاعدہ اجازت اور سیکیورٹی کلیرنس کے بعد جیل پہنچا جہاں انہوں نے قیدی ظاہر جعفر سے ملاقات کی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وفد کی یہ ملاقات قونصلر سہولت کے تحت کی گئی، جو بین الاقوامی سفارتی اصولوں کے مطابق کسی بھی ملک کے شہری کو اس کے ملک کے سفارتی نمائندوں سے رابطے کا حق فراہم کرتی ہے۔ذرائع کے مطابق ملاقات کچھ دیر جاری رہی، جس میں ظاہر جعفر کی قانونی، صحت اور دیگر قیدی سہولیات سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے بعد امریکی وفد واپس روانہ ہوگیا۔
واضح رہے کہ ظاہر جعفر کو عدالت نے نور مقدم کے اندوہناک قتل کیس میں سزائے موت سنائی تھی، اور وہ اس وقت اڈیالہ جیل میں سزا کاٹ رہا ہے۔