صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ جنرل مائیکل ای کوریلا کو نشانِ امتیاز (ملٹری) سے نوازا۔ یہ اعزاز انہیں علاقائی سلامتی اور پاک امریکا دفاعی تعلقات میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اعزازی تقریب ایوانِ صدر اسلام آباد میں منعقد ہوئی، جہاں جنرل کوریلا کو تینوں مسلح افواج کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔بیان کے مطابق جنرل مائیکل کوریلا نے اپنی اسلام آباد آمد کے دوران پاکستانی سول و عسکری قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں، جن میں دہشتگردی کے خلاف اشتراک اور دفاعی تعاون سے متعلق امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل کوریلا کا دورہ پاکستان اور انہیں دیا گیا یہ اعلیٰ ترین عسکری اعزاز دونوں ممالک کے درمیان مضبوط دفاعی شراکت داری کی عکاسی کرتا ہے۔اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ جنرل کوریلا کا وژن علاقائی امن، استحکام اور انسداد دہشتگردی کے اقدامات میں اہم کردار کا حامل رہا ہے، جسے پاکستان نے سراہتے ہوئے یہ اعزاز عطا کیا۔
علاقائی دفاعی تعاون ناگزیر، پاکستان کا پرامن و محفوظ خطے کے عزم کا اعادہ: فیلڈ مارشل عاصم منیر