امریکہ نے جمعہ کو وینزویلا کے مکمل فلائٹ انفارمیشن ریجن کے لیے ایک اہم اور غیر معمولی NOTAM جاری کرتے ہوئے عالمی ایئرلائنز اور تمام کمرشل فلائٹ آپریٹرز کو شدید نوعیت کی سیکیورٹی وارننگ دے دی ہے۔
اس نوٹیم میں واضح کیا گیا ہے کہ وینزویلا کی فضائی حدود اور اس کے اطراف ’بڑھتی ہوئی فوجی نقل و حرکت‘، ’شدید عسکری سرگرمیوں‘ اور ’بگڑتی ہوئی سکیورٹی صورتحال‘ کے باعث فضائی آپریشنز کے لیے خطرات میں اضافہ ہو گیا ہے۔امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (FAA) کی جانب سے جاری کیے گئے اس انتباہ میں ہدایت کی گئی ہے کہ تمام غیر ملکی اور امریکی کمرشل طیارے اس فضائی حصے میں داخل ہونے یا اس کے قریب سے گزرنے سے پہلے غیر معمولی احتیاط برتیں اور متبادل روٹس پر غور کریں۔
فضائی نگرانی کے نظام اور ریڈار ایکٹیویٹی میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے، جو فضائی ٹریفک کے لیے ممکنہ خطرات پیدا کرتا ہے۔امریکی حکام کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں کسی بھی غیر متوقع عسکری کارروائی یا انٹرسپٹ آپریشن کی وجہ سے کمرشل طیارے خطرے کی زد میں آسکتے ہیں۔








