امریکی محکمہ خارجہ نے حال ہی میں کراچی میں امریکی سرکاری اہلکاروں کے لیے ایک ممکنہ سلامتی خطرے کی اطلاع موصول ہونے کے بعد ان کے شہر میں دوروں اور سرگرمیوں کو عارضی طور پر محدود کر دیا ہے۔

محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے سکیورٹی الرٹ میں بتایا گیا ہے کہ کراچی کے چند اعلیٰ درجے کے ہوٹلوں کے خلاف خطرے کی رپورٹ ملی ہے، جس کی وجہ سے وہاں امریکی اہلکاروں کی سرگرمیاں محدود کی گئی ہیں۔اس سکیورٹی الرٹ کے تحت امریکی قونصل خانہ کراچی نے ان مخصوص ہوٹلوں میں سرکاری اہلکاروں کے دورے، اجتماعات اور دیگر سرگرمیاں عارضی طور پر روک دی ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ واقعے سے بچا جا سکے۔ محکمہ خارجہ نے واضح کیا ہے کہ ایسے اقدامات خطرے کی اطلاعات موصول ہونے پر عالمی سطح پر کیے جاتے ہیں تاکہ امریکی سرکاری اہلکاروں کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔

امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ غیر ملکی ممالک میں سیاحتی مقامات، ہوٹل، بازار، شاپنگ مالز اور ریسٹورینٹس کو بھی بعض اوقات خطرے کے پیش نظر امریکی اہلکاروں کے لیے ممنوع قرار دیا جاتا ہے۔ اس قسم کے حفاظتی اقدامات امریکی سفارتی اور سرکاری مشنز کی سلامتی کے لیے لازمی تصور کیے جاتے ہیں۔کراچی میں اس حالیہ خطرے کی نوعیت اور تفصیلات ابھی تک سامنے نہیں آئیں، تاہم امریکی حکام نے شہریوں اور متعلقہ اداروں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی حفاظتی تدابیر مزید سخت کریں۔

Shares: