کراچی: پاکستانی لڑکے کی محبت میں مبتلا امریکی خاتون اونیجا اینڈریو رابنسن نے کراچی میں تقریباً چار ماہ گزارنے کے بعد حال ہی میں کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے براستہ دبئی امریکا کے لیے روانہ ہوئی تھیں۔ تاہم، خاتون نے اپنے وطن واپس جانے کے بجائے دبئی میں رکنے کا فیصلہ کیا، جہاں انہیں حراست میں لے لیا گیا ہے۔
7 فروری کی رات، اونیجا اینڈریو رابنسن نے کراچی سے ای کے 603 پر دبئی کا سفر کیا تھا، اور دبئی پہنچنے کے بعد وہ ای کے 203 پر نیویارک جانے والی تھیں، لیکن انہوں نے اس پرواز کو چھوڑ دیا۔اونیجا، جو کہ امریکی شہری ہیں، دبئی میں آن ارائیول ویزا پر آئی تھیں اور انہیں اپنے ملک واپس جانے کے لیے نیویارک جانا تھا۔ تاہم، ان کی غیر متوقع حاضری نے امریکی حکام کو تشویش میں مبتلا کر دیا۔ ان کی ویڈیوز دبئی کی سڑکوں پر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں، جس کے بعد امریکی حکام نے دبئی کے حکام سے رابطہ کیا اور خاتون کی آمدورفت کو محدود کرتے ہوئے انہیں حراست میں لے لیا۔ذرائع کے مطابق، اونیجا کے اہل خانہ نیویارک میں ان کے پہنچنے کا انتظار کر رہے تھے، مگر جب وہ نہیں پہنچیں تو امریکی حکام نے ان کی تلاش شروع کر دی۔
دبئی کی سڑکوں پر ان کی ویڈیوز کے سامنے آنے کے بعد، امریکی حکام نے اس معاملے کو سنجیدگی سے لیا اور دبئی حکام سے فوری طور پر رابطہ کیا۔ خاتون کو اس وقت دبئی میں حراست میں لیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اونیجا کی دوبارہ امریکا روانگی میں مسائل پیش آ رہے ہیں کیونکہ خاتون نے کوئی قانونی خلاف ورزی نہیں کی اور وہ وزٹ ویزے پر ہیں، اس لیے دبئی سے انہیں جبراً امریکا بھیجا نہیں جا سکتا۔ اگر خاتون کو دبئی سے ڈی پورٹ کرنے کی کوشش کی جاتی ہے، تو اس صورت میں کسی ایئر لائن یا پائلٹ کو سکیورٹی وجوہات کی بناء پر 15 گھنٹے طویل پرواز میں ان کے ساتھ سفر کرنے پر آمادہ کرنا مشکل ہو رہا ہے۔اس وقت اس صورتحال کا حل یہ ہو سکتا ہے کہ اونیجا کو اگلے سفر کے لیے راضی کیا جائے تاکہ انہیں امریکا واپس بھیجا جا سکے۔







