عثمان بزدار بلدیات کے فنڈز تونسہ اور میانوالی میں لگارہے ہیں،عظمیٰ بخاری کا بزدار سرکار کو بڑا چیلنج

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ (ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے عثمان بزدار کے بیان پر ردعمل میں عثمان بزدار کو بلدیاتی الیکشن کی تاریخ کا اعلان کرنے کا چیلنج دیا ہے

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ بزدار صاحب آپ نے پنجاب میں لوکل گورنمنٹ کا مضبوط نظام تباہ کردیا ہے،شہبازشریف کا بلدیاتی نظام تباہ کرکے آپ نے پنجاب کے عوام سے بدلہ لیا ہے ،سپریم کورٹ کے حکم پر مسلم لیگ(ن) نے پنجاب میں بلدیاتی ایکٹ متعارف کرایا اور الیکشن کرائے ،کٹھ پتلی وزیراعظم اور وٹس ایپ وزیراعلیٰ نے اچانک منتخب بلدیاتی نمائندوں کے حق پر ڈاکہ مار دیا ،دو سال سے پنجاب کا لوکل گورنمنٹ سسٹم بے یارومدگار اور لاوارث پڑا ہے

عظمیٰ بخاری کا مزید کہنا تھا کہ عثمان بزدار بلدیات کے فنڈز تونسہ اور میانوالی میں لگارہے ہیں ،سیوریج سسٹم اور سولنگ کی تعمیر کا پیسہ عثمان بزدار کے ہیلی کاپٹر پر خرچ ہو رہا ہے ،لاہور کی گلیاں سٹریٹ لائٹس نہ ہونے سے اندھیرے میں ڈوب رہی ہے ،عثمان بزدار ہر دوسرے روز ہیلی کاپٹر پر فضائی دورہ کرنے نکل پڑتے ہیں ،عثمان بزدار نے سرکاری ہیلی کاپٹر کو بچوں کا جھولا بنالیا ہے

عظمیٰ بخاری کا مزید کہنا تھا کہ بلدیاتی الیکشن میں تحریک انصاف کو تاریخی مار پڑے گی،بلدیاتی الیکشن میں ہار کے خوف سے عمران نیازی پنجاب میں الیکشن کرانے کی جرات نہیں کررہے ،عمران اور بزدار کو معلوم ہے ہماری پارٹی گراﺅنڈ لیول پر صفر ہے ،پنجاب کے عوام بلدیاتی الیکشن میں تبدیلی سرکار سے بدلہ لیں گے

Shares: