آسٹریلیا کے دورے پر آئے برطانیہ کے بادشاہ چارلس پر آسٹریلین خاتون سینیٹر برس پڑیں۔

باغی ٹی وی: کنگ چارلس کے اعزاز میں پارلیمانی تقریب کے دوران خاتون سینیٹر لڈیا تھورپ نے کہا کہ تم ہمارے بادشاہ نہیں، تم نے آسٹریلیا کے اصلی باشندوں کی نسل کشی کی، ہم سے چوری کیا گیا مال واپس کرو۔

خاتون نے بادشاہ چارلس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری زمینیں واپس کرو، تم لوگوں نے آبائی لوگوں کی نسل کشی کی ہے۔

لیڈیا تھورپ نامی خاتون سینیٹر نے دارالحکومت کینبرا میں تقریباً ایک منٹ تک چیخ چیخ کر تقریب میں خلل ڈالا، یہاں تک کہ انھیں سیکیورٹی اہلکار باہر نکال کر لے گئے۔

اپنے احتجاج کے بعد،خاتون سینیٹر نے بی بی سی کو بتایا کہ وہ بادشاہ کو "واضح پیغام” بھیجنا چاہتی تھیں،”خودمختار ہونے کے لیے آپ کو مذکورہ سر زمین کا ہونا ضروری ہے، "وہ اس ملک کا نہیں ہے۔”

لڈیا تھورپ آسٹریلیا کے قدیم باشندوں کے حقوق کے لئے سرگرم عمل ہیں اور شاہ چارلس سوم کے دورہِ آسٹریلیا کے خلاف احتجاج کرنے والوں میں شامل رہی ہیں۔

گرین پارٹی کی رکن لڈیا تھورپ سینٹ میں قدیم آسٹریلوی باشندوں کی نمائندہ ہیں اور یہ قدیم باشندے وہی ہیں جن کا برطانوی حکومت نے آسٹریلیا پر حملہ کرکے، قتل عام کیا اور ان کی صرف 10 فیصد آبادی انگریز وں کی جارحیت اور مختلف النوع بیماریوں سے محفوظ رہی۔

باقیماندہ قدیم آسٹریلویوں کی چشم و چراغ لڈیا تھورپ ریاست وکٹوریا سے آزاد سینیٹر ہیں جنہوں نے بادشاہ چارلس سوئم کی تقریر کے موقع پر ان کے قریب پہنچ کر چیخ چیخ کر کہا: یہ تمہارا ملک نہیں ہے۔

چارلس سوئم اپنی ماں الیزبتھ کی موت کے بعد بادشاہ بنے ہیں اور وہ پہلی مرتبہ آسٹریلیا جاکر ـ بادشاہی جتانے ـ کے لئے پارلیمان سے خطاب کر رہے تھے کہ انہیں سینیٹر تھورپ کی کھری کھری باتیں سننا پڑیں۔

تھورپ نے آسٹریلیا کے قدیم باشندوں کے خلاف برطانوی استعمار کے جرائم کی طرف اشارہ کرتے ہوئے چلا کر کہا: تم نے ہمارے عوام کی نسل کشی کی ہے۔ ہماری سرزمین واپس کرو، اور جو کچھ بھی تم نے ہم سے چرایا ہے وہ ہمیں واپس کر دو۔

اس موقع پر جب سیکیورٹی اہلکاروں نے سینیٹر تھورپ کو بادشاہ کے قریب جانے سے روکا اور وہاں سے باہر لے جانے لگے تو انھوں نے انتہائی غضب ناک ہوکر چارلس سوئم سے کہا: تم نے ہماری سرزمین کو تباہ کر دیا، ہمیں ایک معاہدہ دے دو۔ ہم اس ملک کے لئے ایک معاہدے کے خواہاں ہیں۔ تم نسل کشی کے مرتکب ہوئے ہو۔ آسٹریلیا تمہاری سرزمین نہیں ہے، تم میرے بادشاہ نہیں ہو، تم ہمارے بادشاہ نہیں ہو۔

Shares: