موجودہ مہنگائی میں یوٹیلٹی اسٹورز کو بند کرنے کا فیصلہ غیر مناسب اور ظالمانہ ہے، شازیہ مری

0
105
shazia mari

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری نے حکومت کے یوٹیلیٹی اسٹورز بند کرنے کے فیصلے کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے ظالمانہ اور افسوسناک قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے فیصلے کرنے سے پہلے غور و فکر، بحث اور عوام کی مشکلات کو سمجھنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ شازیہ مری نے کہا کہ موجودہ مہنگائی کے دور میں یوٹیلیٹی اسٹورز جیسے ادارے کو بند کرنا عوام دشمنی کے مترادف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز ملک کے عوام کو سستی اشیاء خوردونوش فراہم کرنے کا ایک اہم ذریعہ ہے، اور اسے بند کرنے کا فیصلہ غیر مناسب اور ظالمانہ ہے۔انہوں نے یاد دلایا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کو قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے تقریباً پچاس سال قبل عوام کی ضروریات کے پیش نظر قائم کیا تھا۔ شازیہ مری نے کہا کہ اگر حکومت واقعی عوام کی خدمت کرنا چاہتی ہے تو اسے اس فیصلے کو فوری طور پر واپس لینا چاہیے۔شازیہ مری نے حکومت پر زور دیا کہ وہ عوام کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے اس فیصلے پر دوبارہ غور کرے اور یوٹیلیٹی اسٹورز کی بندش سے پیدا ہونے والی مشکلات کا ادراک کرے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں عوام کو سستی اشیاء کی فراہمی جاری رکھنا حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔

Leave a reply