سرگودھا ،باغی ٹی وی( نامہ نگار،ملک شاہنواز جالپ ) سرگودھا پریس کلب کے صدر عبدالحنان چوہدری اور جنرل سیکرٹری شیخ محمد رضوان نے لاہور میں صوبائی وزیر اطلاعات و نشریات عظمیٰ بخاری سے اہم ملاقات کی، جس میں سرگودھا کے صحافیوں کو درپیش رہائشی اور مالی مسائل پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
صدر اور جنرل سیکرٹری پریس کلب نے صوبائی وزیر کو آگاہ کیا کہ سرگودھا میں صحافیوں، کیمرہ مینوں اور فوٹوگرافروں کی ایک بڑی تعداد آج بھی ذاتی رہائش سے محروم ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ کئی سالوں سے مسلم لیگ ن کی حکومت سے صحافی برادری کو امیدیں ہیں، اس لیے فوری طور پر سرگودھا میں صحافی کالونی کے قیام کا اعلان کیا جائے اور پریس کلب کے لیے منظور شدہ گرانٹ فوری طور پر جاری کی جائے۔
اس موقع پر صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے یقین دہانی کروائی کہ حکومت پنجاب سرگودھا میں صحافی کالونی کے قیام کے لیے سنجیدہ ہے اور جلد اس کا باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سرگودھا پریس کلب کی گرانٹ جلد جاری کر دی جائے گی تاکہ صحافی برادری کو درپیش مالی مشکلات میں کمی آئے۔
دوسری جانب ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف جون کے مہینے میں سرگودھا کا دورہ کریں گی، جہاں وہ کارڈیالوجی انسٹیٹیوٹ کا افتتاح کریں گی اور ممکنہ طور پر دیگر اہم ترقیاتی منصوبوں اور صحافی کالونی کے قیام سے متعلق اعلانات بھی متوقع ہیں۔