اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف میں محکمہ اوقاف کے زیرانتظام درجنوں تاریخی مساجد میں آئمہ، خطباء اور مؤذنین کے عہدے طویل عرصے سے خالی چلے آ رہے ہیں، جس کے باعث نمازیوں اور زائرین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جامع مسجد درگاہ حضرت شیر شاہ سید جلال الدین سرخ پوش بخاریؒ، جامع مسجد درگاہ حضرت راجن قتالؒ سمیت دیگر بزرگانِ دین کے مزارات سے ملحقہ متعدد تاریخی مساجد میں عرصہ دراز سے آئمہ و خطباء اور مؤذنین کی سرکاری تعیناتیاں نہیں ہو سکیں۔ یہ تمام مزارات اور مساجد فروری 1966ء میں ناظم اعلیٰ اوقاف مغربی پاکستان کے تحت محکمہ اوقاف کی تحویل میں دی گئی تھیں۔

ان مزارات سے محکمہ اوقاف کو چراغی، تیل، جھنڈ، لنگر، نمک اور پھول دانہ کی مد میں ہر ماہ لاکھوں روپے کی آمدنی حاصل ہوتی ہے، مگر افسوسناک امر یہ ہے کہ اتنی بڑی مالیاتی آمدنی کے باوجود محکمہ اوقاف نہ صرف مساجد میں آئمہ و مؤذنین کی تعیناتیوں میں ناکام رہا ہے بلکہ زائرین کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں بھی مجرمانہ غفلت برت رہا ہے۔

بیشتر مساجد میں نمازوں کی امامت اور اذان کی ادائیگی مقامی افراد رضا کارانہ طور پر انجام دے رہے ہیں۔ اہلِ علاقہ اور زائرین نے اس صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سیکرٹری و چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر سید طاہر رضا بخاری سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ان تاریخی اور روحانی اہمیت کی حامل مساجد میں آئمہ، خطباء اور مؤذنین کی باقاعدہ تعیناتیاں کی جائیں تاکہ نمازیوں کو مذہبی فرائض کی ادائیگی میں مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

Shares: