راولپنڈی: حساس ادارے نے راولپنڈی اور حسن ابدال میں ایک بڑی کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج کے چار دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار دہشتگردوں نے 11 اگست کو ویڈیو بنا کر راولپنڈی اور حسن ابدال میں دہشتگردی کرنے کی دھمکیاں دی تھیں۔

دہشتگردوں نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو جاری کی تھی جس میں انہوں نے علاقے میں فرقہ وارانہ فتنہ اور دہشتگردی پھیلانے کی دھمکیاں دی تھیں۔ حساس ادارے نے فوری طور پر ان معلومات کو انتہائی سنجیدگی سے لیتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا۔ حساس ادارے نے راولپنڈی اور حسن ابدال میں علیحدہ علیحدہ کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کو گرفتار کیا۔ ان دہشتگردوں کے قبضے سے متعدد اسلحہ اور اشتعال انگیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔ گرفتار دہشتگرد ملک میں فرقہ وارانہ امن اور امان کو خراب کرنے کے لیے سازش کر رہے تھے۔ ان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ ان کے نیٹ ورک کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔

یہ کارروائی ملک میں دہشتگردی کے خلاف جاری جدوجہد میں ایک اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔ حکام نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ حکام کو دی جائے تاکہ اس طرح کے واقعات کو بروقت روکا جا سکے۔پاکستان کی سیکیورٹی ایجنسیاں ہر لمحہ مادر وطن کی حفاظت کے لیے مستعد ہیں۔ راولپنڈی اور حسن ابدال میں فتنہ الخوراج کے چار دہشت گردوں کی گرفتاری کا مطلب ہے کہ پاکستان کے خلاف کوئی بھی منصوبہ کامیاب نہیں ہو سکتا۔ کوئی بھی دشمن چھپ کر نہیں بچ سکے گا۔ پاکستان ہمیشہ قائم رہے گا۔

Shares: