اسلام آباد:دفعہ 144 کی خلاف ورزی:عمران خان کیخلاف ایک اور مقدمہ درج ،اطلاعات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کےخلاف ایک اور مقدمہ درج کر لیا گیا
اسلام آباد سے ملنے والی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان و دیگر کے خلاف تھانہ آبپارہ میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر مقدمہ درج کیا گیا ہے
تھانہ آبپارہ میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر مقدمے میں مرادسعید، فوادچوہدری، فیصل جاوید، شیخ رشید، اسد عمر، راجہ خرم نواز، علی نواز اعوان کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔
یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے دفعہ 144 کے نفاذ کے باوجود تحریک انصاف نے ایف 9 پارک میں شہبازگل کے ریمانڈ کے خلاف ریلی نکالی جس سے عمران خان و دیگر نے خطاب کیا تھا
یاد رہے کہ اس سے قبل سابق وزیراعظم چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کےخلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کےتحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ مقدمہ تھانہ مارگلہ میں مجسٹریٹ علی جاوید کی مدعیت میں درج ہوا
پہلے درج ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے ایڈیشنل سیشن جج کو ڈرایا دھمکایا آئی جی اسلام آباد اور ڈی آئی جی کو دھمکی دی ،
عمران خان کے خلاف درج پہلی ایف آئی آر کے متن کے مطابق عمران خان کے ان الفاظ اورتقریر مقصد پولیس کے اعلی حکام اورعدلیہ کو دہشت زدہ کرنا تھا عمران خان کے اس انداز اورڈیزائن میں کی گئی تقریر سے پولیس حکام،عدلیہ اورعوام میں خوف و ہراس پھیلا۔
یاد رہے کہ عمران خان کی تقریرکے متعلقہ حصےکامتن ایف آئی آر کے ساتھ لگایا گیا ہے۔اس سلسے میں عمران خان عبوری ضمانت پرہیں اور25 اگست کو عدالت ان کے اس کیس کے بارے میں دوبارہ سماعت کرے گی