اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف میں کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مجرمانہ غفلت نے صورتحال کو مزید سنگین کر دیا ہے۔ شہر کے مختلف گنجان آباد علاقوں بشمول اوچ بخاری، اوچ گیلانی، شمس کالونی، امیر آباد، اکبر ٹاؤن، اختر کالونی، ناصر ٹاؤن، سمیع ٹاؤن، عمر ٹاؤن، اقبال آباد، شمیم آباد اور حسینی چوک میں مکان مالکان کی جانب سے کرایہ داروں کے کوائف پولیس کو جمع نہ کروانے کا سلسلہ عام ہو چکا ہے۔
اس قانونی غفلت کی آڑ میں جرائم پیشہ اور مشکوک افراد نے ان رہائشی علاقوں میں اپنے ڈیرے جما لیے ہیں، جس سے چوری، ڈکیتی اور دیگر جرائم میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ رات کے وقت چوری کی وارداتیں معمول بنتی جا رہی ہیں اور انجان چہروں کی آمدورفت نے خوف کی فضا قائم کر دی ہے۔
مقامی رہائشیوں نے باغی ٹی وی سے گفتگو میں حالیہ وارداتوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی خاموشی جرائم پیشہ عناصر کی پشت پناہی کے مترادف ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کرایہ داری ایکٹ پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے اور تمام مکان مالکان کو پابند کیا جائے کہ وہ اپنے کرایہ داروں کی تفصیلات متعلقہ تھانوں میں لازمی جمع کرائیں۔
شہریوں نے خبردار کیا کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو جرائم کی شرح میں مزید اضافہ ہو گا جو شہر کے امن و امان کو شدید خطرے میں ڈال دے گا۔ مقامی پولیس سے رابطے کی کوشش کے باوجود کوئی مؤثر یا تسلی بخش مؤقف سامنے نہ آ سکا، جس نے شہریوں کے تحفظات کو مزید گہرا کر دیا ہے۔
شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، آئی جی پنجاب، اور ڈپٹی کمشنر بہاولپور سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری نوٹس لیتے ہوئے اوچ شریف میں قانون کی بالادستی قائم کریں تاکہ عوام کو تحفظ کا احساس دلایا جا سکے اور مجرموں کا قلع قمع کیا جا سکے۔