نارنگ منڈی (نامہ نگار محمد وقاص قمر) نارنگ ریلوے اسٹیشن پر خواتین کے ساتھ بدتمیزی اور تشدد کا ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں درجن بھر سے زائد نوجوانوں نے ایک خاتون پر وحشیانہ تشدد کیا اور ان پر تھپڑوں کی بارش کر دی۔ عینی شاہدین کے مطابق، یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب خواتین نے ایک مقامی نوجوان کو چھیڑ چھاڑ کرنے سے منع کیا۔

تفصیلات کے مطابق، نارنگ ریلوے اسٹیشن پر موجود کچھ خواتین نے ایک نوجوان کی ہراسانی اور بدتمیزی پر اسے منع کیا، جس پر وہ نوجوان آپے سے باہر ہو گیا۔ اس نے فوراً اپنے دوستوں کو فون کر کے اسٹیشن پر بلا لیا۔ جب ٹرین اسٹیشن پر پہنچی اور خواتین اس میں داخل ہونے لگیں تو ان لڑکوں نے حملہ کر دیا اور خواتین کو زدوکوب کیا۔

حملہ آور نوجوانوں نے صرف اسٹیشن پر ہی نہیں بلکہ ٹرین کے اندر داخل ہو کر بھی خواتین کو تشدد کا نشانہ بنایا، جس سے مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ اس واقعے نے ریلوے اسٹیشنز پر خواتین کی حفاظت پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

مقامی افراد اور مسافروں نے ریلوے کے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے اور مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات نہ صرف معاشرے کی اخلاقی گراوٹ کو ظاہر کرتے ہیں بلکہ اس بات کا بھی ثبوت ہیں کہ عوامی مقامات پر خواتین محفوظ نہیں۔ حکام کو چاہیے کہ وہ اس قسم کے واقعات کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کریں تاکہ مستقبل میں ایسا کوئی واقعہ دوبارہ رونما نہ ہو سکے۔

Shares: