علی پور: چوری کا شبہ ، 7 سالہ بچے پر انسانیت سوز تشدد،ویڈیو وائرل
مظفرگڑھ(باغی ٹی وی رپورٹ)چوری کے شبہ میں 7 سالہ بچے پر انسانیت سوز تشدد، ملزمان کی ویڈیو وائرل
مظفرگڑھ کی تحصیل علی پور کے علاقے لنگر واہ میں چوری کے شبہ میں 7 سالہ معصوم بچے پر انسانیت سوز تشدد کا واقعہ پیش آیا ہے۔ ملزمان نے بچے کو رسیوں سے باندھ کر نہ صرف اسے تشدد کا نشانہ بنایا بلکہ اپنے پاؤں پکڑوا کر فخریہ انداز میں قہقہے بھی لگاتے رہے۔ اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد عوام میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔
یہ واقعہ تھانہ کندائی کی حدود میں پیش آیا، جہاں معصوم بچے کو چوری کے شبہ میں بہیمانہ سلوک کا سامنا کرنا پڑا۔ ویڈیو وائرل ہونے پر ڈی پی او مظفرگڑھ سید حسنین حیدر نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔
اس واقعے پر انسانی حقوق کے علمبرداروں اور عوامی حلقوں نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بچوں کے ساتھ اس قسم کا بہیمانہ سلوک ناقابل برداشت ہے، اور حکومت کو ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات اٹھانے چاہئیں۔
پولیس کی جانب سے ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی تیز کر دی گئی ہے اور امید کی جا رہی ہے کہ جلد ہی ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔