اعتماد کا ووٹ،پرویز الہی 186 ووٹ حاصل کرکےوزیراعلیٰ پنجاب کے عہدے پرقائم

0
40

:لاہور : وزپر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی اعتماد کا ووٹ لینے میں کامیاب ہوگئے، پرویز الٰہی نے کل 186 ووٹ حاصل کئے۔

قبل ازیں پنجاب اسمبلی میں وزیر اعلیٰ کے اعتماد کے ووٹ کیلئے کارروائی کا آغاز کیا گیا، حکومتی اتحاد کے ارکان نے لابی میں جا کر پرویز الٰہی کو ووٹ کاسٹ کیا، جبکہ اپوزیشن اراکین اجلاس کا بائیکاٹ کر کے ایوان سے باہر چلے گئے ۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کے اعتماد کے ووٹ کیلئے سپیکر سبطین خان کی زیر صدرات پنجاب اسمبلی کا اجلاس دوبارہ شروع کیا، اسلم اقبال اور راجہ بشارت نے اعتماد کے ووٹ کیلئے قرارداد سپیکر اسمبلی کو پڑھ کر سنائی، سیکرٹری پنجاب اسمبلی نے اعتماد کے ووٹ سے متعلق ارکان کو طریقہ کار بتایا۔

اس دوران اپوزیشن نے پنجاب اسمبلی میں شدید احتجاج کیا، مشترکہ اپوزیشن کے ارکان نے ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ دیں۔

اجلاس کے دوران اسمبلی اور لابی کے تمام دروازے بند کر دیئے گئے۔

سپیکر سبطین خان نے کہا کہ رولز کے مطابق ایوان کی کارروائی چلا رہا ہوں، کسی کوبھی اندرآنےکی اجازت نہ دی جائے، جوپرویزالہٰی کوووٹ دیناچاہتےہیں وہ ارکان لابی میں چلےجائیں۔
 

اس سے پہلے

ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم نے کہا کہ آج 186 ارکان کا نمبر ہاؤس میں شو کیا جائے گا، آج نمبرز گیم شو کریں گے، اعتماد کا ووٹ کل لیں گے۔

میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ ہماری پوری تسلی ہے، 186 کو کراس کر چکے ہیں، کل ہی کہا تھا ہمارے پاس سرپرائز ہے، سرپرائز کیلئے موقع چاہیے تھا، ہم جو کہا تھا پورا کر دیا۔ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ ہم نے ان کونمبرز پورے کر کے بتانے تھے وہ کر دیئے، اعتماد کے ووٹ کے لیے ایجنڈے پر لانا ضروری ہے، ہمارا مقصد نمبرز پورے کرنا تھا وہ آج ہم نے دکھا دیئے۔

 

واثق قیوم نے مزید کہا کہ یہ کہتے تھے ہمارے پاس نمبرز پورے نہیں، آج ہم نے دکھا دیئے، عمار یاسر بھی ایوان میں آگئے ہیں، ہمارے پاس ایک اور سرپرائز بھی ہے اس کا ابھی انتظار کریں۔

اس سے پہلے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے دعویٰ کیا تھا کہ پنجاب اسمبلی میں وزیراعلیٰ پرویز الہی کے اعتماد کے ووٹ کے لیے حکومت کے نمبر پورے ہیں۔ٹویٹر پیغام میں فواد چوہدری نے لکھا کہ الحمدللہ 187 کا نمبر مکمل، یعنی وزیراعلیٰ پنجاب کو 187 اراکین کی حمایت حاصل ہے۔

 

 

اجلاس سے قبل ایک اور ٹویٹ میں فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کیلئے 177 ممبران اسمبلی پہنچ چکے ہیں جبکہ قاف لیگ کے 10 ارکان کچھ دیر میں پہنچ رہے ہیں اور انشاللہ اجلاس میں 187 ارکان شامل ہوں گے۔

خیال رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے زمان پارک میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی ہے جس میں سیاسی صورتحال اور اعتماد کے ووٹ کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔

Leave a reply