باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کو ابھی تک پوری دنیا نہیں سمجھ سکی، لاک ڈاوَن کا زیادہ اثر غریب طبقے پر پڑا، دنیا یہ بھی نہیں سمجھ سکی کہ پاکستان میں کیسز کیسے کم ہوئے،

وزیراعظم عمران خان نے کرونا کے حوالہ سے قوم سے خطاب میں کہا کہ دنیا کو سمجھ آگئی ہے کہ اگر کورونا کیسز میں کمی آئے اور احتیاط نہ کی جائے تو دوبارہ کیسز بڑھ سکتےہیں، ایران میں روزانہ 200سے زائد لوگ کورونا سے مررہے ہیں،محرم اور عید پر اگراحتیاط نہ کی تو کورونا کیسز میں اضافہ ہوسکتا ہے،کورونا کے باعث پوری دنیا کی معیشت کو نقصان پہنچا ہے، پہلی عید پر احتیاط نہ کرنے کے باعث کورونا کیسز میں اضافہ ہوا،ہم نہیں چاہتے کہ عید کے بعد کورونا کیسز میں اضافہ ہو،اگر احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کیا تو بزرگوں اور بچوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالیں گے،

وزیراعظم عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ سب کو سمجھنا چاہیے کہ کورونا وائرس سے دنیا ابھی سیکھ رہی ہے۔ ابھی تک وبا کے علاج کے لیے ویکسین نہیں آئی۔ آگے بھی چیلنجز ہیں، ہمیں احتیاط کرنا ہوگی۔ اللہ تعالیٰ کا خاص کرم ہے کہ پاکستان میں کورونا کیسز کی تعداد کم ہوئی ہے۔ پاکستان دنیا کے ان چند ممالک میں سے ہے جہاں وبا پر قابو پا لیا گیا ہے۔ گزشتہ تین دن کے دوران پاکستان میں کورونا سے انتہائی کم ہلاکتیں ہوئیں، ہسپتالوں میں بوجھ کافی حدتک کم ہو چکا ہے۔ تاہم ہمیں آئندہ بھی سخت احتیاط کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور یورپ کے حالات مختلف ہیں لیکن اس کے باجود ہمارے اوپر دباؤ تھا کہ سخت لاک ڈاؤن لگایا جائے۔ جن کے پاس وسائل تھے انہوں نے ہم پر بڑی تنقید کی لیکن یہ بات جاننا ضروری ہے کہ غربت کے شکار ملکوں میں کرفیو نہیں لگایا جا سکتا۔ آج دنیا بھی مان رہی ہے کہ فوری لاک ڈاؤن ناممکن ہے۔ لاک ڈاؤن کا سب سے زیادہ اثر غریب طبقے پر پڑا۔ بھارت نے سخت لاک ڈاؤن کیا لیکن وہاں پر کیسز بھی بڑھ رہے ہیں۔ وہاں کا نچلا طبقہ بالکل پس گیا۔ اس کے مقابلے میں ہم نے اپنی غریب عوام کیلئے احساس کیش پروگرام شروع کیا۔

وزیراعظم عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ سمارٹ لاک ڈاؤن کیا گیا تو ہم پر سخت تنقید کی گئی لیکن پالیسی انتہائی کامیاب رہی، اللہ کا شکر ہے ہمارا فیصلہ درست تھا۔ ہم نے فیصلہ کیا کہ لوگوں کو کورونا اور بھوک سے بھی بچانا ہے۔ آج پاکستان ان چند ملکوں میں سے ہے جہاں وبا پر قابو پا لیا گیا ہے۔ مجھے اپنی ٹیم پر فخر ہے۔

وزیراعظم عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ سب سے اپیل کرتے ہیں کہ ماسک لگانا بہت ضروری ہے، کوشش کریں کہ اس دفعہ آن لائن قربانیاں کرائیں، مویشی منڈیوں میں احتیاطی تدابیر پر عمل کریں،عید اور محرم پر احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کے بعد سب سیکٹرز کو کھولنے کا موقع ملے گا، امید ہے عوام عید اور محرم پر احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کریں گے،

Shares: