ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی، نیوز رپورٹر شاہد خان)ڈیرہ غازی خان میں گرلز کالج کے سامنے واقع وڈور روڈ گزشتہ تقریباً چار سے پانچ ماہ سے ری کنسٹرکشن کے لیے توڑا گیا ہے، مگر تاحال اس کی تعمیر مکمل نہیں ہو سکی، جس کے باعث مقامی شہریوں اور راہگیروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ یہ ٹوٹا پھوٹا روڈ اب شہریوں کے لیے درد سر بن چکا ہے۔
بارشوں کے دنوں میں اس روڈ پر پانی جمع ہو جاتا ہے، جس سے صورتحال مزید خراب ہو جاتی ہے۔ دن بھر ٹریکٹر ٹرالیوں کا رش بھی اس روڈ پر رہتا ہے، جو متعدد حادثات کا باعث بن چکا ہے۔ افسوسناک طور پر، ان حادثات میں کئی نوجوان شہری اور بچے اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ پہلے ہی یہ روڈ سنگل تھا، اور اب اسے توڑ کر شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ٹھیکیداروں کی نااہلی، غفلت اور مبینہ کرپشن کی وجہ سے یہ روڈ تاحال مکمل تعمیر نہیں ہو سکا ہے۔ ڈیرہ غازی خان میں وڈور روڈ کے علاوہ دیگر تمام کارپیٹڈ روڈز کا کام مکمل ہو چکا ہے۔ مقامی شہریوں نے انتظامیہ سے پرزور اپیل کی ہے کہ ٹھیکیداروں کی کرپشن کا شکار اس روڈ کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو مزید مشکلات سے نجات مل سکے۔