رپورٹ بائے عبدالرحمان یوسف
وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈئیر(ر) پیر اعجا زاحمد شاہ کی ننکانہ صاحب آمد،وفاقی وزیر داخلہ نے بابا گورونانک کے جنم دن کی تقریبات اور پولیو مہم کا افتتاح کیا،گورونانک یونیورسٹی کا دورہ اور کٹاپال سکیم کے تحت کسانوں میں 50لاکھ روپے کے چیک تقسیم کیے۔
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈئیر(ر) پیر اعجاز احمد شاہ نے گوردوارہ جنم استھان میں بابا گورونانک کے 551ویں جنم دن کی افتتاحی تقریب کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے۔کہ بابا گورونانک دیوجی کے551ویں جنم دن پر آنےو الے سکھ یاتریوں کی تواضع اور مہمان نوازی ہمارا قومی فریضہ ہے،پوری سکھ کمیونٹی کو بابا گورونانک دیو جی کے جنم دن کی مبارکباد پیش کرتا ہوں،پاکستان میں تمام اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی اور مساوی حقوق حاصل ہیں،کرتار پور باڈر کو سکھوں کے لیے کھولنا پاکستان کی طرف سے امن کا پیغام ہے،خطے میں پائیدار امن اور بہتر پاک بھارت تعلقات کے لیے پاکستان ہر ممکنہ اقدامات کررہا ہے،بھارت کشمیر کے مسلمانوں پر جو مظالم ڈھا رہا ہے اس سے خطے میں امن و امان کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب راجہ منصور احمد ،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ننکانہ صاحب اسماعیل الرحمن کھاڑک،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) محمد عثمان خالد، پاکستان گوردوارہ پر بندھک کمیٹی سردار تارا سنگھ ،سکھ کمیونٹی کے عہدیداران سمیت پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا نمائندگان بھی موجود تھے۔وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈئیر(ر) پیر اعجا ز احمد شاہ نے کہا کہ بابا گورونانک دیو جی کے جنم دن کی تقریبات کے سلسلہ میں کرونا ایس او پیز کو مدنظر رکھتے ہوئے بہترین اور فول پروف انتطامات کئے گے ہیں ،اندرون و بیرون ملک سے آنے والے سکھ یاتریوں کو ہر ممکن سہولت مہیا کرنا حکومت پاکستان، حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کو عدالتوں سے سزا ہوئی ہے انہیں چاہئے کہ وہ پاکستان واپس آ کر سزا کا سامنا کریں،جوسیاستدان اپنی والدہ کی تجہیزو تکفین کے لیے پاکستان نہیں آسکتے وہ وطن عزیز میں پارٹی کارکنوں کی خاک رہنمائی کریں گے۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈئیر(ر) پیر اعجاز احمد شاہ نے ڈپٹی کمشنر کمپلیکس میں بچوں کو پولیو سے بچاﺅ کے حفاظتی قطرے پلاکر پولیو مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔اس موقع پر وزیر داخلہ بریگیڈئیر(ر) اعجاز احمد شاہ نے کہا کہ حکومت پاکستان عوام الناس کو پولیو ودیگر مہلک بیماریوں سے بچانے کے لیے ہرممکنہ اقدامات کررہی ہے۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ والدین پولیو کے مرض کے خاتمے کے لیے حکومتی کوششوں کا حصہ بنیں اور اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ وطن عزیر میں کرونا کی موجودہ لہر کی وجہ سے پوری قوم کو احتیاط کرنے اور ایس او پیز پر مکمل عمل درآمدکی ضرورت ہے۔بعدازاںوفاقی وزیر داخلہ بریگیڈئیر(ر) پیر اعجازاحمد شاہ نے بابا گورونانک انٹرنیشنل یونیورسٹی کے جاری تعمیراتی کا م کا جائزہ لیا۔وفاقی وزیر داخلہ نے محکمہ لائیوسٹاک کے ضلعی دفتر میں کٹاپال سکیم کے تحت ضلع بھر کسانوں میں 50لاکھ روپے کے چیک بھی تقسیم کیے ۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر محکمہ لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ ننکانہ صاحب ڈاکٹر یاسر مصطفیٰ بٹ اور محکمہ لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ ڈاکٹر خورشید عالم نے حکومت کی جانب سے گوشت کی پیداوار میں اضافہ کیلئے کٹا بچاو اور کٹا فربہ پروگرام کے حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ کو تفصیلاً بریفنگ دی۔

Shares: