ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز) عالمی یوم ماحولیات 2025 کی تقریبات کا ننکانہ صاحب میں باقاعدہ آغاز ہو گیا، جہاں ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے ماحولیاتی تحفظ کے لیے اپنے عزم کا اظہار "عزم کی دیوار” پر ہاتھ کا نشان لگا کر کیا۔ یہ اقدام صرف رسمی تقریب نہیں بلکہ ماحول دوست طرزِ زندگی کی جانب ایک علامتی اور عملی قدم بھی قرار دیا جا رہا ہے۔
تقریب میں شہریوں، سرکاری افسران اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی بڑھ چڑھ کر شرکت کی اور پلاسٹک کے تھیلوں کے استعمال سے اجتناب کا حلف اٹھایا۔ سب نے "عزم کی دیوار” پر ہاتھ کے نشانات لگا کر ماحول دوست طرزِ عمل اپنانے کا عہد کیا۔
اس موقع پر محکمہ ماحولیات ننکانہ صاحب کے عملے نے عوام میں پمفلٹس تقسیم کیے جن میں پلاسٹک کے انسانی صحت اور ماحول پر مرتب ہونے والے منفی اثرات کی وضاحت کی گئی تھی۔ مہم کا مقصد ماحول سے متعلق شعور اجاگر کرنا اور عملی اقدامات کے لیے شہریوں کو ترغیب دینا ہے۔
ماحولیاتی ماہرین کے مطابق ایسے اقدامات اگر تسلسل سے جاری رکھے جائیں تو یہ نہ صرف مقامی سطح پر ماحول کے تحفظ میں مؤثر ثابت ہوں گے بلکہ ملک گیر سطح پر بھی ایک مثبت پیغام پہنچائیں گے۔