میرپورخاص،باغی ٹی وی( نامہ نگار سید شاہزیب شاہ کی رپورٹ ) واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین نے مطالبات کی منظوری کے لئے ریلی نکالی
آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین میرپورخاص کی جانب سے مرکزی و صوبائی قائدین کی ہدایات پر مطالبات کی منظوری کے لئے ڈویژن آفس سے پریس کلب تک ریلی نکالی گئی جس میں حیسکو ملازمین نے بڑی تعداد میں شرکت کی واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین کی جانب سے نکالے جانے والی ریلی میں شامل حیسکو ملازمین نے اپنے ہاتھوں میں بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر مذمتی نعرے درج تھے اس موقع پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے اکبر لغاری، یوسف سومرو، شاہد کاظمی، محمد احتشام، سکندر مہر، احد عزیز، عبدالجبار لغاری، اللہ دتہ بلوچ، سلیم رضا، ملک عبدالکریم، ذوالفقار آرائیں اور دیگر رہنماؤں کا کہنا تھا کہ لائن سپرنٹنڈنٹ و دیگر ملازمین کے دور دراز علاقوں میں جبری تبادلے کردئیے گئے ہیں ۔

جبکہ افسران کو انہی شہروں میں تعینات کرکے دہرا معیار رکھا گیا ہے ، ہمارا مطالبہ ہے کہ جن ملازمین کا جبری تبادلہ کیا گیا ہے انکو فی الفور انکے علاقوں میں واپس بھیجا جائے یا پھر افسران کا بھی تبادلہ کیا جائے ، ڈیسکوز کی مجوزہ نجکاری کا خاتمہ اور اور بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی پرائیویٹ پبلک پارٹنرشپ کے منصوبوں کو منسوخ کیا جائے انہوں نے کہا کہ محکمہ بجلی کے ملازمین کی جانب سے بجلی چوری کے خلاف مہم کو کامیاب بنانے پر ہم وفاقی و صوبائی حکومتوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں افسران کی جانب سے ملازمین سے غیر اخلاقی رویے کا خاتمہ اور انکے خلاف شوکاز، ایل۔او۔ای اور آڈٹ پیراز کوختم کیا جائے،

بھرتیوں پر عائد پابندی کو فوری ختم کرکے ملازمین کی بھرتی کا عمل مکمل کیا جائے، کنٹریکٹ ملازمین کو ریگولر کیا جائے مرحوم و شہید ملازمین کے بچوں اور بیواؤں کو تمام مراعات کے ساتھ کنٹریکٹ پر بھرتی کیا جائے اور لائن اسٹاف کو حادثات سے محفوظ رکھا جائے جونیئر اور سینئر کلرک کو وفاقی حکومت کی طرح دیئے گئے اسکیل حیسکو، سیپکو اور دیگر کمپنیوں کے ملازمین کو بھی دیئے جائیں ۔۔ انکا کہنا تھا کہ صبر کی بھی کوئی حد ہوتی ہے واپڈا اہلکاروں پر ظلم کی ننگی تلوار لٹکادی گئی ہے

پاک فوج کے بعد پاکستان میں سب سے زیادہ اموات واپڈا اہلکاروں کی ہوئی ہیں پھر ہمارے ساتھ یہ ظلم کیوں ہورہا ہے ، ہمارے اندر اتنی طاقت ہے کہ ہم چند گھنٹوں میں نظام درہم برہم کرسکتے ہیں ، مگر وطن عزیز کے معاشی حالات دیکھتے ہوئے ہم نے صبر کا پیالہ پی رکھا ہے ، ہمارے صبر کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے ، ہمارے تمام کے تمام مطالبات جائز ہیں ، ان پر فی الفور عمل کیا جائے اور حال ہی میں جبری تبادلہ کئے گئے تمام واپڈا ملازمین کو انکے علاقوں میں واپس بھیجا جائے

Shares: