شیخوپورہ شہر کے معروف علاقے ریگل چوک میں واقع واپڈا دفتر میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ایک سکیورٹی گارڈ نے نہ صرف ایک ضعیف العمر خاتون کے ساتھ بدتمیزی کی بلکہ اسے زبردستی دفتر سے دھکے دے کر باہر نکالا۔ شہری کی درخواست پر پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق، مدعی خاور شہزاد ولد نصراللہ سکنہ بدروم ادے، شیخوپورہ، نے پولیس تھانہ بی ڈویژن میں رپورٹ درج کروائی کہ وہ یکم جولائی 2025 کو شام 8 بجے کے قریب کسی ضروری کام سے ریگل چوک واپڈا دفتر آیا ہوا تھا۔ اس دوران اس نے ایک افسوسناک منظر دیکھا جس میں رب نواز ولد محمد خان، جو کہ واپڈا آفس میں بطور سکیورٹی گارڈ تعینات ہے، ایک ضعیف خاتون کو زبردستی گھسیٹتے ہوئے دفتر سے باہر نکال رہا تھا۔ سکیورٹی گارڈ نہ صرف خاتون کو دھکے دے رہا تھا بلکہ اسے سنگین نتائج اور قتل کی دھمکیاں بھی دے رہا تھا۔عینی شاہدین کے مطابق، رب نواز نے با آواز بلند کہا کہ "مجھے میرے افسران نے کہا ہے کہ اس عورت کو دفتر سے باہر نکالو، چاہے گھسیٹنا پڑے”۔ اس واقعے کو کئی دیگر شہریوں نے بھی اپنی آنکھوں سے دیکھا۔ درخواست گزار کا مؤقف ہے کہ یہ واقعہ نامعلوم افسران کی ہدایت پر کیا گیا، جس سے نہ صرف خاتون کی تذلیل ہوئی بلکہ عوام کے جذبات کو بھی ٹھیس پہنچی۔
مدعی کی تحریری درخواست پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے زیر دفعات 354 (خاتون سے بدتمیزی)، 506 (دھمکیاں دینا)، اور 509 (عزت نفس مجروح کرنا) کے تحت مقدمہ نمبر 2305/25 درج کر لیا ہے۔ پولیس کی ابتدائی رپورٹ نمبر SKP-CBD-016163 کے مطابق، وقوعہ تھانہ بی ڈویژن سے مشرق کی جانب تقریباً دو کلومیٹر کے فاصلے پر پیش آیا۔
تفتیشی افسر اے ایس آئی محمد خالد بیگ کے مطابق، اصل درخواست اور ایف آئی آر کی نقول تفتیش کے لیے اعجاز احمد 819/C کے ذریعے متعلقہ افسران کو ارسال کر دی گئی ہیں، جب کہ SHO تھانہ بی ڈویژن کو بھی اس مقدمہ کی اطلاع دی گئی ہے۔ واقعہ کی مکمل تفتیش جاری ہے، اور ذمہ داران کو قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔
ریگل چوک اور گرد و نواح کے شہریوں نے اس واقعے پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے عناصر کو سخت ترین سزا دی جائے تاکہ آئندہ کسی کو ایسی جرأت نہ ہو۔ سوشل میڈیا پر بھی واقعے کی شدید مذمت کی جا رہی ہے۔