بجلی چوروں کا واپڈا ٹیم پر حملہ
ایبٹ آباد . نتھیاگلی میں بجلی چور نے ایک کارروائی کے دوران واپڈا ٹیم پر حملہ کر کے ایس ڈی او کو زخمی کر دیا، پولیس نے مقدمہ درج کرنے کے بعد بجلی چور کے خلاف تحقیقات شروع کر دی۔ واپڈا سب آفس نتھیاگلی کے اہلکاروں نے گاؤں باگن محلہ ڈنہ میں خفیہ اطلاع پر بجلی چوری کرنے والوں کے خلاف چھاپہ مارا۔ اس موقع پر کے ایس ڈی او شکور خان اور مکول فیڈر کے لائن سپرنٹنڈنٹ اعجاز احمد بھی موجود تھے، منصف عرصہ دراز سے بجلی کے بقایا جات کی ادائیگی نہ کرنے سمیت بجلی چوری میں بھی ملوث رہا ہے۔ واپڈا کے اہلکاروں نے جب چھاپہ مارا تو منصف ولد منظور نے واپڈا ٹیم پر حملہ کر دیا جس سے ایس ڈی او زخمی ہو گئے جس پر واپڈا ملازمین نے مین بازار میں احتجاج شروع کر دیا۔واپڈا ٹیم پر حملہ کرنے والے منصف ولد منظور کے خلاف واپڈا ایکٹ کے تحت پرچہ درج کر کے تلاش شروع کر دی گئی تاہم پولیس ملزم کو گرفتار نہ کر سکی۔ ادھر واپڈا نتھیاگلی ٹیم پر حملہ کی خبر ملتے ہی واپڈا ہائیڈرو یونین کے جمیل تنولی، سردار لیاقت اور ماجد خان نے واپڈا نتھیاگلی کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور تھانہ ڈونگا گلی کے ایس ایچ او اور انچارج چوکی سے اپیل کی کہ وہ فوری طور پر ایف آئی آر میں درج ملزم کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دے۔