واربرٹن (باغی ٹی وی،نامہ نگار عبدالغفار چوہدری) آزادی گروپ واربرٹن کے زیر اہتمام 17 واں عظیم الشان جشنِ آزادی فیسٹیول شاندار انداز میں منعقد ہوا جس میں ہزاروں کی تعداد میں مرد و خواتین نے شرکت کی۔ واربرٹن کی تاریخ میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا فیسٹیول قرار دیا جا رہا ہے جس میں عوام کا جوش و خروش قابلِ دید تھا۔
فیسٹیول سے قبل یومِ آزادی کے حوالے سے ایک ریلی بھی نکالی گئی جس میں 100 فٹ لمبا قومی پرچم شامل تھا۔ ریلی مدینہ شادی ہال سے شروع ہوئی، شہر کا گشت کرتے ہوئے بائی پاس پر فیسٹیول کے مقام پر پہنچی تو شرکاء کا شاندار استقبال کیا گیا اور زبردست آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔
اس سے قبل 10 اگست کو آزادی گروپ کے زیر اہتمام کامن ہال میں جشنِ آزادی کی مناسبت سے ملی نغموں، تقریری مقابلوں اور ٹیبلوز کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات نے فیسٹیول کے آغاز پر اپنے فن کا مظاہرہ کیا اور انعامات وصول کیے۔
فیسٹیول میں قومی و بین الاقوامی شہرت یافتہ فنکاروں اور گلوکاروں نے بھی اپنی پرفارمنس سے حاضرین سے خوب داد سمیٹی۔ اس موقع پر چیف آرگنائزر آزادی گروپ و سماجی رہنما حاجی محمد اکرم آرائیں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان عالمِ اسلام کا قلعہ ہے۔ بچوں کے جذبہ و لگن کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں اور مقابلوں میں شریک تمام طلبا و طالبات مبارکباد کے مستحق ہیں۔
ایسوسی ایٹ پروفیسر و نیفرالوجسٹ کنسلٹنٹ ڈاکٹر علی ثقلین حیدر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمیں ذمہ دار شہری ہونے کے ناطے ہمیشہ پاکستان کا مثبت رخ پیش کرنا چاہیے۔ پاکستان کا پرچم ہمیشہ سربلند رہے گا، ہم سب پاکستانی ہیں اور ہماری پہچان پاکستان ہے۔ عوامی جوش و جذبہ دیکھتے ہوئے ڈاکٹر علی ثقلین حیدر نے اعلان کیا کہ آئندہ سال فیسٹیول کے انتظامات اور سہولیات کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔