واربرٹن سے نمائندہ باغی ٹی وی عبدالغفار چوہدری کی رپورٹ کے مطابق، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے "ستھرا پنجاب” ویژن کے تحت واربرٹن کے مین بازاروں کی خوبصورتی اور صفائی ستھرائی کے لیے بھرپور مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ننکانہ روڈ مین بازار سمیت شہر کے مختلف تجارتی مراکز اور رہائشی علاقوں میں صفائی کا عمل تیزی سے جاری ہے، جہاں بازاروں میں موجود نالوں اور کھالوں کی صفائی کے ساتھ ساتھ گلی محلوں سے کوڑا کرکٹ اٹھا کر اسے باقاعدہ طور پر ٹھکانے لگایا جا رہا ہے۔ لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی واربرٹن کے سپروائزر وقاص احمد کی زیرِ نگرانی صفائی کا عملہ روزانہ کی بنیاد پر متحرک ہے، جس نے ننکانہ روڈ مین بازار میں عرصہ دراز سے بند پڑے نالوں اور گندے کھالوں کو مکمل طور پر صاف کر کے وہاں سے گندگی کے ڈھیروں کا خاتمہ کر دیا ہے تاکہ نکاسی آب کا نظام بہتر ہو سکے۔

انتظامیہ کی جانب سے شہر کو صاف ستھرا بنانے کے لیے کی جانے والی ان انتھک کوششوں کو شہریوں اور تاجر برادری نے بے حد سراہا ہے۔ دکانداروں اور مقامی مکینوں کا کہنا ہے کہ صفائی کے اس تسلسل سے نہ صرف بازاروں کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا بلکہ عوام کو ایک صحت مند اور پاکیزہ ماحول بھی میسر آئے گا۔ میونسپل حکام کا اس موقع پر کہنا ہے کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی، نکاسی آب اور بیوٹیفیکیشن کے تمام کام بلا تعطل جاری رکھے جائیں گے اور غفلت کی کوئی گنجائش نہیں چھوڑی جائے گی تاکہ واربرٹن کو ایک مثالی اور صاف ستھرا شہر بنایا جا سکے۔

Shares: