واربرٹن(باغی ٹی وی،نامہ نگارچوہدری عبدالغفار) آر پی او اطہر اسماعیل کا تھانہ دورہ، کھلی کچہری میں شہریوں کی شکایات کا فوری ازالہ
ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) شیخوپورہ اطہر اسماعیل نے ڈی پی او ننکانہ صاحب سید ندیم عباس کے ہمراہ تھانہ واربرٹن کا دورہ کیا اور عوامی مسائل کے حل کے لیے کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ آر پی او نے موقع پر موجود شہریوں کی شکایات اور درخواستیں سنیں اور فوری احکامات جاری کرتے ہوئے ان کے مسائل حل کرنے کی ہدایت کی۔
دورے کے دوران آر پی او نے تھانے کا مکمل وزٹ کیا، ریکارڈ رجسٹرز کی جانچ پڑتال کی اور اپنے تاثرات قلمبند کیے۔ ان کی واربرٹن آمد پر پولیس افسران اور مقامی افراد نے ان کا استقبال پھولوں سے کیا۔ آر پی او نے صحافیوں اور تاجر برادری سے بھی ملاقاتیں کیں اور پولیس کی طرف سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
آر پی او اطہر اسماعیل کا کہنا تھا کہ کھلی کچہریوں کا مقصد عوام کو ان کی دہلیز پر انصاف کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق پولیس نظام میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال لایا جا رہا ہے تاکہ شکایات اور مقدمات کی مؤثر نگرانی ہو سکے۔ انہوں نے بتایا کہ کمپلین مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے ہر درخواست اور مقدمے پر پیش رفت کا ریکارڈ موجود ہے، اور تمام ڈی پی اوز شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے چوبیس گھنٹے سرگرم عمل ہیں۔
اس موقع پر ایس پی انویسٹی گیشن حنا نیک بخت سمیت دیگر افسران بھی ہمراہ موجود تھے۔ آر پی او نے کہا کہ کھلی کچہریوں کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا تاکہ عوامی شکایات کا فوری اور شفاف ازالہ ممکن ہو۔








