واربرٹن (باغی ٹی وی،نامہ نگارعبدالغفارچوہدری)کمشنر لاہور زید بن مقصود نے ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید ندیم عباس کے ہمراہ واربرٹن کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے 8 محرم الحرام کے جلوس اور مجالس عزا کے انتظامات کا تفصیلی معائنہ کیا۔
دورے کے دوران کمشنر لاہور نے جلوس کے روٹ پر صفائی ستھرائی، لائٹنگ، اور عزاداروں کے لیے ٹھنڈے و میٹھے پانی کی سبیلوں کے انتظامات کو چیک کیا۔ انہوں نے امام بارگاہوں اور محرم جلوسوں کے لیے قائم انتظامی کیمپس کا بھی دورہ کیا اور انتظامیہ کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر کمشنر لاہور زید بن مقصود کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی اور سہولیات کے حوالے سے انتظامی سطح پر تمام ممکنہ اقدامات کیے گئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ 9 اور 10 محرم الحرام کے جلوسوں و مجالس کے لیے بہترین اور فول پروف انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ عزاداروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے۔








