واربرٹن (باغی ٹی وی، رپورٹر عبدالغفار چوہدری)عالمی دن برائے ڈوبنے سے بچاؤ کے موقع پر واربرٹن پولیس اور ریسکیو 1122 کی مشترکہ کاوش سے حالیہ طوفانی بارشوں سے زیر آب آنے والے نواحی دیہات میراں پور اور ملوک میں آگاہی سیشنز منعقد کیے گئے۔ یہ سیشنز ڈی پی او ننکانہ صاحب سید ندیم عباس کی خصوصی ہدایت پر منعقد ہوئے جن میں مقامی آبادی، خصوصاً بچوں اور والدین کو ڈوبنے سے بچاؤ کی اہم تدابیر سے آگاہ کیا گیا۔

ایس ایچ او تھانہ واربرٹن مجاہد عباس ملہی اور ریسکیو سیفٹی آفیسر علی عمران اعوان نے آگاہی سیشنز کی سربراہی کی اور شہریوں کو گہرے پانی، تالابوں، نہروں اور کھلے پانی کے ذخائر کے خطرات سے آگاہ کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر بتائیں۔ شہریوں کو خصوصی طور پر یہ ہدایت دی گئی کہ:

* بچوں کو کبھی بھی پانی کے قریب تنہا نہ چھوڑا جائے
* تیرنا سیکھنا اور سکھانا ضروری ہے
* لائف جیکٹس اور لائف رنگز کا درست استعمال سیکھا جائے
* کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں فوری طور پر 15 پر اطلاع دی جائے

ریسکیو 1122 کے تربیتی عملے نے موقع پر لائف جیکٹس پہننے، لائف رنگ استعمال کرنے اور تیز پانی سے گزرنے کے محفوظ طریقے بھی سکھائے۔

شرکاء نے پولیس اور ریسکیو اہلکاروں کی کاوش کو سراہا اور یہ عہد کیا کہ وہ خود بھی ان احتیاطی تدابیر پر عمل کریں گے اور دوسروں کو بھی اس بارے میں آگاہ کریں گے۔

ڈی پی او سید ندیم عباس کا کہنا تھا کہ ڈوبنے کے واقعات کو "خاموش قاتل” کہا جاتا ہے جو ہر سال ہزاروں زندگیاں نگل لیتے ہیں، جن میں بچوں کی تعداد نمایاں ہے۔ ننکانہ پولیس عوامی تحفظ کے مشن میں ہمہ وقت مستعد ہے اور شہریوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرتی رہے گی۔

Shares: