واربرٹن (نامہ نگار) سٹی پریس کلب رجسٹرڈ واربرٹن کے فنانس سیکرٹری رانا اسد تیمور کے چھوٹے بھائی رانا صہیب کو شیخوپورہ میں بےدردی سے قتل کردیا گیا۔ مقتول کی نعش گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا اور علاقہ سوگوار ہو گیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق واربرٹن مکہ کالونی کے رہائشی رانا زاہد محمود شاد کا 30 سالہ بیٹا رانا صہیب کا شیخوپورہ شرقپور روڈ کے رہائشی یاور الطاف ورک کے ساتھ لین دین کا تنازع چل رہا تھا۔ گزشتہ شب رانا صہیب موٹر سائیکل پر شیخوپورہ گیا لیکن واپس نہ آیا۔ اہل خانہ کی تلاش پر رانا طارق خاقان، رانا اسد تیمور اور وقار احمد یاور ورک کے ڈیرے پر پہنچے تو وہاں رانا صہیب کی خون میں لت پت نعش پڑی ہوئی تھی جبکہ یاور ورک اور دو نامعلوم افراد موقع سے فرار ہوگئے۔
پولیس نے رانا اسد تیمور کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے نعش پوسٹمارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی۔ مقتول رانا صہیب کی نماز جنازہ واربرٹن میں ادا کی گئی جس میں معززین علاقہ، عزیز و اقارب اور سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔
عوام نے اس اندوہناک قتل پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔