مولانا خان زیب کا قتل قابل مذمت،قاتلوں کو گرفتارکیا جائے،قاری یعقوب شیخ،حافظ خالد نیک
پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ بلوچستان و خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے بڑھتے واقعات لمحہ فکریہ ہیں، بلوچستان میں بس سے مسافروں کو اتار کر گولیاں مارنا، باجوڑ میں مولانا خان زیب کی ٹارگٹ کلنگ سمیت تمام کاروائیوں میںفتنۃ الہندوستان ملوث ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی قوم قربانیاں دے رہی، مرکزی مسلم لیگ قوم کو متحد کررہی ہے، اتحاد امت کا عملی نمونہ چند دنوں میں ملک بھر میں نظر آئے گا
ان خیالات کا اظہار مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو، جوائنٹ سیکرٹری قاری محمد یعقوب شیخ،ڈپٹی سیکرٹری جنرل حافظ خالدنیک، صدر پنجاب محمد سرور چوہدری،انجینئر حارث ڈار نے جمعہ کے اجتماعات سے خطاب،وفود سے ملاقاتوں کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا، خالد مسعود سندھو کا کہنا تھا کہ بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں نے لورالائی کے قریب مسافر بس کو روک کر شناخت کے بعد نو معصوم مسافروں کو فائرنگ کر کے شہید کر دیا جو ایک الم ناک سانحہ ہے اور اس کی ہم پرزور مذمت کرتے ہیں، یہ پہلا موقع نہیں،رواں سال جعفر ایکسپریس جیسے سانحات اور مسافر بسوں سے مخصوص قومیت کے افراد کو اتار کر قتل کرنے کے واقعات سامنے آ چکے ہیں، جن کا مقصد ملک میں فرقہ واریت، لسانی منافرت اور بدامنی کو ہوا دینا ہے، بلوچستان کے عوام کو حقوق ملنے چاہئیں، لیکن حقوق کے نام پر فساد، قتل و غارت اور ملک دشمنی کی کوئی گنجائش نہیں۔
قاری یعقوب شیخ، حافظ خالد نیک کا کہنا تھا کہ اے این پی کے رہنما اور معروف عالم دین مولانا خان زیب کا باجوڑ میں بہیمانہ قتل قابل مذمت ہے،مولانا خان زیب اتحادِ امت کے داعی، محب وطن اور پرامن شخصیت کے حامل عالم تھے، ان کا قتل نہ صرف باجوڑ بلکہ پورے ملک کے علما اور دینی حلقوں کے لیے ایک بڑا صدمہ ہے، خیبر پختونخوا میں علماء کرام کی ٹارگٹ کلنگ میں مسلسل اضافہ ایک لمحہ فکریہ ہے۔ابھی تک جے یو آئی سربراہ مولانا حامد الحق حقانی،مرکزی مسلم لیگ کے رہنما مولانا کاشف کے قاتل گرفتار نہیں ہوئے،کہ مولانا خان زیب کو نشانہ بنا دیا گیا، حکومت مولانا خان زیب کے قاتلوں کو گرفتار کرے، علماء کرام کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
محمد سرور چوہدری،انجینئر حارث ڈار کا کہنا تھا کہ بنیان مرصوص کی کامیابی کے بعد بھارت کو جو عالمی سطح پر رسوائی ہوئی ہے، اس کا بدلہ لینے کے لیے وہ پاکستان میں دہشت گردی وتخریب کاری کی کاروائیوں کو تیز کر رہا ہے، پاکستانی عوام اور ریاست کو بھارتی سازشوں کا مکمل ادراک ہے، پاکستانی قوم ملک دشمن عناصر کے خلاف متحد ہے،مرکزی مسلم لیگ اتحاد امت کا فریضہ سرانجام دیتی رہے گی.