واشنگٹن نے پاکستان کے تاریخی ریکوڈک کاپر،گولڈ مائن پراجیکٹ کے لیے امریکی ایکسپورٹ امپورٹ بینک کی جانب سے 1.25 بلین ڈالر کی فنانسنگ کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔
یہ پاکستان کے لیے امریکی مالیاتی تعاون کا ایک بڑا قدم سمجھا جا رہا ہے، جس سے بلوچستان میں جاری اس اہم منصوبے کی رفتار مزید تیز ہونے کی توقع ہے۔امریکا کی قائم مقام سفیر نٹالی بیکر نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ اس مالیاتی پیکج کی منظوری نہ صرف پاکستان کے لیے اہم ہے بلکہ اس کے ذریعے منصوبے کے لیے امریکی آلات اور سروسز کی 2 ارب ڈالر تک کی برآمدات کے مواقع پیدا ہوں گے۔ ان کے مطابق یہ قدم پاکستان اور امریکا کے درمیان معاشی اشتراک کو مزید مضبوط کرے گا۔
ریکوڈک پراجیکٹ پاکستان خصوصاً بلوچستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ سرمایہ کاری بلوچستان میں بڑی سطح پر روزگار کے مواقع پیدا کرے گی۔منصوبے سے مستقبل میں اربوں ڈالر کی برآمدی آمدن متوقع ہے۔امریکا کی جانب سے فنانسنگ سے منصوبے پر سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید بڑھے گا۔
امریکی سفارتخانے کے مطابق Ex-Im Bank کی فنانسنگ کی منظوری یہ ظاہر کرتی ہے کہ امریکا پاکستان میں پائیدار اور بڑے پیمانے پر معاشی ترقی کے منصوبوں میں دلچسپی رکھتا ہے۔ ویڈیو پیغام میں نیٹلی بیکر نے کہا کہ امریکہ پاکستان کی معاشی ترقی اور توانائی و معدنیات کے شعبوں میں تعاون جاری رکھے گا۔








