واشنگٹن پوسٹ کا امریکہ میں گروپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی سازش کے حوالے سے انکشافات
![](https://baaghitv.com/wp-content/uploads/2023/11/panu.jpeg)
واشنگٹن پوسٹ نے امریکہ میں گروپتونت سنگھ پنو کے قتل کی سازش کے بارے میں مزید چونکا دینے والی تفصیلات سے پردہ اٹھایا ہے۔ امریکی اخبار نے انکشاف کیا کہ امریکا نے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ سنگھ پنوں کے قتل کی سازش کے حوالے سے کارروائی کرے۔ اسی تناظر میں سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی (سی آئی اے) کے ڈائریکٹر ولیم کے برنز نے اگست میں بھارت کا دورہ کیا، ان کے ساتھ امریکی ڈائریکٹر نیشنل انٹیلی جنس ایورل ہینس بھی تھے۔ واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق قتل کی سازش کے انکشاف کے بعد امریکا نے بھارت کو وارننگ جاری کرتے ہوئے مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ امریکہ نے مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے بھارت سے یقین دہانی مانگی۔ مین ہٹن میں امریکی وفاقی استغاثہ نے اس کیس کے سلسلے میں بھارتی شہری نکھل گپتا پر فرد جرم عائد کر دی ہے۔ نکھل گپتا پر گروپتونت سنگھ پنوں کے قتل کو انجام دینے کے لیے ایک فرد کی خدمات حاصل کرنے کا الزام ہے۔اخبار نے اطلاع دی کہ گپتا، جو اس وقت امریکہ میں نہیں ہیں، مبینہ طور پر کرائے پر لیے گئے حملہ آور کو 15,000 ڈالر ایڈوانس فراہم کیے تھے۔ امریکی استغاثہ کا دعویٰ ہے کہ گپتا نے بھارتی حکام سمیت کئی افراد کے ساتھ مل کر سازش کی۔رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ کینیڈا میں ہردیپ سنگھ نجار کے قتل کے بعد گروپتونت سنگھ پنوں کو قتل کرنے کی سازش کو ناکام بنا دیا گیا۔رپورٹ میں مزید روشنی ڈالی گئی ہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن نے ستمبر میں جی 20 اجلاس کے دوران بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ صورتحال کی سنگینی پر تبادلہ خیال کیا۔دریں اثناء بھارتی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کا مکمل جائزہ لیا جا رہا ہے۔