کراچی: واش روم میں کیمروں کا مقصد کیا تھا؟ اسکول انتظامیہ کا موقف سامنے آ گیا
کراچی کے پرائیویٹ اسکول میں خواتین اساتذہ اور طالبات کے زیرِ استعمال واش رومز میں خفیہ کیمرے لگانے اور ویڈیوز بنانے کے معاملے پر اسکول انتظامیہ کا موقف سامنے آگیا۔
باغی ٹی وی : اسکول انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کیمرے واش روم میں نہیں بیسن ایریاز میں لگائے گئے تھے واش روم میں خفیہ کیمروں کا مقصد مانیٹرنگ تھا اس حوالے سے انکوائری میں ایف آئئ اے حکام کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے-
واضح رہے کہ کراچی کے نجی اسکول میں محکمہ تعلیم نے چھاپہ خواتین اساتذہ کی شکایت پر مارا، خفیہ کیمرے مرد اساتذہ کے واش رومز میں بھی پائے گئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اسکول کی رجسٹریشن منسوخ کردی گئی ہے، مزيد کارروائی کے لیے محکمہ تعلیم کا اجلاس پیر کو طلب کیا گیا ہے۔محکمہ تعلیم سندھ کا بتانا ہے کہ کراچی کے ایک نجی اسکول میں خواتین اساتذہ اور طالبات کے زیر استعمال واش رومز سے خفیہ کیمرے پکڑے گئے، جن سے ویڈیوز بنائی جاتی تھیں۔
محکمے کو اس بات کی شکایت خواتین اساتذہ نے کی جس کے بعد اسکول پر چھاپا مارا گیا، محکمہ تعلیم کی ٹیم کے مطابق چھاپے کے دوران خفیہ کیمرے مرد اساتذہ کے واش رومز میں بھی پائے گئے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ پوچھ گچھ کے دوران موقع پر موجود اسکول اسٹاف نے جواز پیش کیا کہ کیمرے مانیٹرنگ کیلئے لگائے گئے ہیں، تاہم اسکول کے مالک کی طرف سے باضابطہ کوئی موقف سامنے نہیں آیا۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے کے مطابق سائبر کرائم کی ٹیم اسکول بھیجی جائے گی اور چیک کیا جائے گا کہ کیمرے کس مقصد کیلئے لگائے گئے تھے-
خیال رہے کہ خواتین کی ویڈیوز بنانے کے لیے مختلف جگہوں پر خفیہ کیمرے نصب کیے جانے کی اس سے قبل بھی کئی اطلاعات موصول ہو چکی ہیں۔ قبل ازیں مختلف شہروں میں گیسٹ ہاؤسز میں خفیہ کیمروں سے ویڈیوز بنانے کا انکشاف ہوا تھا۔