ڈیرہ غازی خان( باغی ٹی وی، نیوز رپورٹر شاہد خان) ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے گند دیہات میں پھینک کر علاقہ برباد کردیا، عوام سراپا احتجاج
تفصیل کے مطابق ویسٹ مینجمنٹ کمپنی Dewoo نے شہر کا کچرا باڑہ کے خوبصورت علاقے اور وڈور روڈ کے قریب ڈال کر علاقہ مکینوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ گندگی کے ڈھیروں سے ملیریا، ہیضہ اور دیگر بیماریاں پھیلنے لگی ہیں جبکہ مقامی افراد اور گزرنے والے شہریوں کو سانس لینے میں بھی شدید دشواری کا سامنا ہے۔
اہل علاقہ نور محمد، فیض بخش، فیضان ماچھی، حیات اللہ، عبداللہ ماچھی، عبداللہ لغاری، عمران لغاری و دیگر نے الزام لگایا ہے کہ انتظامیہ کی نااہلی کے باعث اب تک 15 سے 20 افراد سانس کی بیماریوں کے باعث جان کی بازی ہار چکے ہیں اور باقی لوگ دوائیاں جیب میں رکھ کر چلنے پر مجبور ہیں۔
مکینوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر گند ڈالنے کا سلسلہ نہ روکا گیا تو وہ سرکاری دفاتر کے سامنے شدید احتجاج کریں گے اور کچرا پھینکنے والی گاڑیوں کو روک دیں گے۔
اہل علاقہ نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، کمشنر اور ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔