تجزیہ شہزاد قریشی
ملک کے تین بار وزیراعظم رہنے والے نواز شریف سے لے کر موجودہ عسکری قیادت کرنے والے جنرل عاصم منیر کے خلاف پی ٹی آئی کے کارکنوں نے لندن میں جو کچھ کیا وہ قابل نفرت ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ پی ٹی آئی نے جو کچھ کیا یہ ایک ناقابل برداشت ہے، آرمی کے سربراہ کا عہدہ مدت سے چلا آرہا ہے جتنے بھی سربراہ رہے ،برطانیہ یا دیگر ممالک میں جاتے رہے ہیں، پاک فوج ایک منظم ،متحد اور انتہائی تربیت یافتہ ہے۔ پاک فوج اورجملہ اداروں کی وجہ سے پاکستان دنیا کا ایک مضبوط اور ناقابل تسخیر ملک ہے، بلاشبہ اس ملک کو دفاعی لحاظ سے مستحکم کرنے میں ہمارے سیاستدانوں کا کردار بھی اہم رہا، ان کرداروں میں بہت سے نام ہیں ،جن میں بھٹو ، محترمہ بے نظیر بھٹو ، نواز شریف کا نام شامل ہے ، پی ٹی آئی کا لندن میں پاک فوج کے سربراہ کے خلاف احتجاج پاکستان مخالف قوتوں کو خوش کرنے کے مترادف قرار دیا جا سکتا ہے، بھارت اگر امریکہ میں اپنی رسوائی سے بچنے کے لئے پاکستان یا پاک فوج پر الزامات لگا کر خود کو بری الذمہ قرار دینے کی ناکام کوشش کرتا ہے ،اسی طرح دیگر پاکستان مخالف قوتیں پاکستان کے خلاف سازشیں کرتی ہیں وہ بھی سمجھ میں آتا ہے لیکن پی ٹی آئی کا دیار غیر میں وطن عزیز کے محافظ کے خلاف احتجاج ایک سوالیہ نشان ہے آخر پی ٹی آئی کس کو خوش کررہی ہے ؟ پاک فوج کے سربراہ کے خلاف احتجاج کیا پاک فوج اور جملہ اداروں کے شہیدوں اور غازیوں کے خون سے غداری کے زمرے میں نہیں آتا ؟ پاکستانی معاشرہ تحریک انصاف کی سیاسی بداخلاقیوں سے متاثر ہو رہا ہے ، یاد رکھیئے صرف اسیٹبلشمنٹ نے جمہوریت کو پابند سلاسل نہیں کیا جمہوریت کو قیدی بنانے میں جمہوریت کو کمزور کرنے میں سیاسی جماعتوںکا بھی کردار رہا ہے سیاستدانوں نے اخلاقی طور پر کبھی اپنے چاک گربیاں میں نہیں جھانکا اور نہ ہی ادراک کیا، امریکہ سمیت یورپی ممالک کی پالیسیاں انگڑائی لے رہی ہیں سعودی عرب میں ٹرمپ اور روسی صدرکی ملاقات ہونے جا رہی ہے سعودی عرب دونوں کا میزبان ہے ،مشرق وسطیٰ میں بھی تبدیلی کے آثار نظر آرہے ہیں پاکستانی سیاستدان مسخرے پن کی سیاست سے نکل کر عالمی دنیا کی بدلتی ہوئی سیاست کو مد نظر رکھیں اور وطن عزیز کے مفاد کی خاطر اپنے مفادات کو پس پشت ڈال کر سیاست کریں۔
وطن عزیز کے محافظ کے خلاف احتجاج ملک دشمنی نہیں تو اور کیا ہے،تجزیہ: شہزاد قریشی
