وطن کی آن پر سیاست کیا ہمارا سب کچھ قربان ہے۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار

0
64

اسلام آباد (انٹرویو:شہزاد قریشی) وطن عزیز کو درپیش تمام مسائل سے آگاہ ہیں اور عوام کو لگے مہنگائی اور بے روزگاری کے زخموں کا مکمل احساس ہے‘ لاپرواہی بے حسی فضول خرچیوں کے عمرانی دور میں قومی خزانے اور اداروں کو جس بے دردی سے روندا گیا اور بے توجہی کے نتیجے میں پیدا ہونے والے معاشی بحران نے ملکی ترقی کا بیڑا غرق کردیا۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اوصاف سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سبز باغ دکھانے والے کنٹینر پر کھڑے ہو کر جھانسہ دیتے رہے کہ فلاں سے ڈالر لا کر فلاں کے منہ پر ماریں گے بجلی گیس کے بل ایسے پھاڑتے تھے جیسے ان کے دور میں بل آنا بند ہوجائیں گے۔ عمرانی ٹولے نے اپنے دور حکومت کے آغاز میں کہنے لگے کہ ہمیں 100دن دیں پھر کہنے لگے 6ماہ دیں پھر کہنے لگے ایک سال پھر اس ٹولے کے سربراہ نے کہا ہمیں تو ٹریننگ ملنی چاہئے تھی اور آخر میں کہا کہ میں پیاز ٹماٹر کے بھائو ٹھیک کرنے نہیں آیا اور یہ سب کچھ قوم کے سامنے ریکارڈ پر موجود ہے۔ سینیٹر و وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ ہر تقریر میں قوم کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگانے والے عمران خان کی ناتجربہ کاریوں اور غیر سنجیدہ حرکات سے ملکی وقار کو بین الاقوامی برادری میں ٹھیس پہنچی اور ترقی کا پہیہ الٹا گھوم گیا۔

ایک سوال کے جواب میں سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف اور ان کی ٹیم نے ریاست کی ڈوبتی نائو کو بچانے کے لئے پی ڈی ا یم کے ساتھ مل کر حکومتی ذمہ داریاں سنبھالیں وطن کی آن اور شان پر سیاست کیا ہمارا سب کچھ قربان ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کو سنبھالا دینے کے لئے عالمی سطح پر اعتماد کی بحالی ہماری پہلی اور اولین ترجیح رہی اور اس سمت میں وزارت خزانہ وزارت خارجہ اور دیگر حلقوں کی مشترکہ محنت کا ثمر ہے کہ پاکستان آج گرے لسٹ سے باہر آگیا۔ سینیٹر و وفاقی وزیر اسحاق ڈار نے کہا کہ دوست ملکوں سے تعاون کی بحالی‘ عالمی بینک ‘ ایشیائی بینک‘ آئی ایم ایف اور دیگر عالمی ڈونرز کے ساتھ مثبت شراکت داری اور تعاون کی بحالی ایسے اقدامات ہیں جن کے لئے وزارت خزانہ اور ہماری ٹیم شب و روز ہمہ تن مصروف ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمرانی ٹولے کا یہی کمال تھا کہ انہوں نے اپنی نااہلیوں اور معاشی حماقتوں کی بدولت آخر کار پاکستان جیسے عظیم ملک کا موازنہ سری لنکا کی دیوالیہ معیشت سے دینا شروع کردیا اور حسب عادت بغلیں بجاتے ہوئے اقتدار سے ہاتھ دھوک کر دوبارہ قوم کو جھوٹے خواب دکھانے کی ناکام کوشش میں مصروف ہوگئے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ اﷲ کے فضل سے جلد ہی عوام کو مہنگائی کی کمی کی خبریں ملیں گی۔ پیٹرول‘ ڈیزل‘ سیمنٹ کی قیمتوں میں کمی لائی جائے گی اور کسانوں کو گندم کی بوائی میں خصوصی ریلیف دینے کے لئے کھادوں کی قیمت میں کمی کا پیکچ متعارف کرایا جائے گا اور عوام کے لئے تعلم و صحت کی سہولتوں اور تباہ کردہ انفراسٹرکچر کی بحالی کے لئے دن رات محنت جاری ہے نواز شریف کے ترقی کے وژن کو عملی جامہ پہنایا جائے گا وطن عزیز کو دوبارہ عظیم تر بنانے کا مشق پورا کیا جائے گا۔

Leave a reply