ڈیرہ غازیخان(باغی ٹی وی رپورٹ)ضلعی انتطامیہ کی آنکھیں بند،جامپورروڈ کی توسیع کامنصوبہ،شہرمیں پانی کی شدید قلت کا خطرہ ،پل ڈاٹ سے شوریہ بائی پاس تک روڈ کی توسیع،سڑک کی توسیع سے مشرقی کنارے کیساتھ واقع 24 انچ کی واٹرسپلائی لائن بھی زد میں آگئی۔

تفصیل کے مطابق ڈیرہ غازیخان میں پل ڈاٹ سے شوریہ بائی پاس تک روڈ کی توسیع کا کام شروع ہو گیا ہے، لیکن اس دوران 24 انچ کی ایک اہم واٹر سپلائی لائن کو نقصان پہنچنے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔ یہ واٹرسپلائی لائن شہر کے ایک بڑے حصے کو پانی فراہم کرتی ہے۔

نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے روڈ کی توسیع کے دوران واٹر سپلائی لائن کی شفٹنگ کا کوئی اہتمام نہیں کیا جس کی وجہ سے کھدائی کے دوران پائپ لائن کو متعدد جگہوں سے نقصان پہنچا ہے۔ علاوہ ازیں پل شوریہ کے قریب گندے نالے کی پل کی توسیع کے دوران بھی واٹر سپلائی لائن کو ہٹانے کی بجائے اس کے اوپر ہی پل بنایا جا رہا ہے۔

اس غیر ذمہ دارانہ رویے کی وجہ سے شہر کے نصف سے زائد علاقے میں پانی کی سپلائی متاثر ہونے کا خطرہ ہے۔ اگر پائپ لائن لیک ہوئی یا پھٹ گئی تو نہ صرف شہر میں پانی کی شدید قلت ہوگی بلکہ کروڑوں روپے کی لاگت سے بنایا جانے والا روڈ بھی برباد ہو جائے گا۔

پائپ لائنوں کی کمزور تعمیر اور ناقص مرمت کی وجہ سے پانی کا دباؤ برقرار نہیں رہ سکتا اور پائپ لائنوں سے پانی کا اخراج ہوتا رہتا ہے۔ اس کے نتیجے میں کئی ٹربائنزکو بند کرنا پڑ رہا ہے جس سے پانی کی قلت مزید بڑھ رہی ہے۔

اس صورتحال سے نہ صرف شہریوں کی روزمرہ زندگی متاثر ہو رہی ہے بلکہ کروڑوں روپے کی لاگت سے بغیر کسی منصوبہ بندی کے بنائی جانے والی یہ سڑک پانی کی سپلائی کے نظام کو تباہ کردے گی ۔

شہریوں کا مطالبہ ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب اپنے حالیہ دورہ ڈیرہ غازیخان کے دوران اس مسئلے کا نوٹس لیں اور ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کریں۔ ان کا کہنا ہے کہ اس طرح کے ناقص منصوبے نہ صرف عوام کو مشکلات کا سامنا کراتے ہیں بلکہ قومی خزانے کو بھی نقصان پہنچاتے ہیں۔

Shares: