وزیراعلی سندھ نے 17.7 ارب روپے کی لاگت سے اسنارکلز ، فائر ٹینڈرز ، رفیوز ٹرک خریدنے کی منظوری دے دی
وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبے کے بلدیاتی اداروں کیلئے آٹھ اسنارکلز ، فائر ٹینڈرز ، رفیوز ٹرک ، ٹریکرز اور ٹرالیوں کی خریداری کیلئے 17.7 ارب روپے کی منظوری دی۔ انہوں نے یہ فیصلہ منگل کے روز وزیراعلی ہاس میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے لیا۔ اجلاس میں وزیر بلدیات ناصر شاہ ، مشیر قانون مرتضی وہاب ، چیف سیکرٹری ممتاز شاہ ، چیئرمین پی اینڈ ڈی محمد وسیم ، وزیراعلی سندھ کے پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو ، سیکرٹری خزانہ حسن نقوی ، سیکرٹری بلدیات نجم شاہ اور دیگر نے شرکت کی۔
وزیر بلدیات ناصر شاہ نے وزیر اعلی سندھ کو بتایا کہ اسنارکلز کی خریداری کیلئے ٹینڈرز کا عمل شروع کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تمام ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز کیلئے اسنارکلز کی ضرورت تھی، اس پر وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ 1.5 ارب روپے کی رقم آئندہ مالی سال میں دستیاب ہوجائے گی۔ وزیر بلدیات ناصر شاہ نے اجلاس کو بتایا کہ میونسپل کمیٹیوں کو اپنے اپنے علاقوں سے کچرا اپنے لینڈ فل سائٹوں تک پہنچانا ہے لہذا 102 ٹریکٹرز اور ٹرالیوں کی ضرورت ہے، اس خریداری پر 4.1 ارب روپے لاگت آئے گی۔
وزیراعلی سندھ نے اصولی طور پر اس تجویز کی منظوری دی اور محکمہ خزانہ کو ہدایت کی کہ وہ رقم آئندہ مالی سال کے آغاز میں دستیاب کردی جائے۔ محکمہ بلدیات نے مختلف میونسپل کمیٹیوں کیلئے 89 فائر ٹینڈرز کی خریداری کیلئے ایک اور اسکیم پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ بیشتر میونسپل کمیٹیوں کو فائر فائٹنگ کیلئے فائر ٹینڈرز کی ضرورت ہے۔ مراد علی شاہ نے پورے سندھ میں میونسپل کمیٹیوں کو فراہم کردہ 89 فائر ٹینڈرز کی خریداری کیلئے 2.8 ارب روپے کی منظوری دی۔
وزیراعلی سندھ نے محکمہ بلدیات کی ایک اور تجویز کی منظوری دی جس کے تحت آئندہ مالی سال میں 115 رفیوز ٹرک 9.3 ارب روپے کی لاگت سے خریدے جائیں گے۔ مراد علی شاہ نے وزیر بلدیات کو ہدایت کی کہ وہ اپنے بڑے نالوں کی صفائی کیلئے کے ایم سی اور ڈی ایم سیز کو فعال کریں۔ انہوں نے کہا کہ مون سون کا موسم قریب آرہا ہے لہذا بڑے نالوں کی صفائی کا کام جلد ہی شروع کیا جانا چاہئے۔